’’کنوارے بابا‘‘بولے ،آبادی پر کنٹرول ضروری

   

اڈوپی ۔21نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یوگاگرو بابا رام دیو نے مودی حکوت سے گاؤکشی پر مکمل پابندی عائد کرنے اور ملک میں یونیفارم سیول کوڈ نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے پانچ دنوں کے یوگا کیمپ کے تحت منعقد ہ سنت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکساں سیول کوڈ کو نافذ کرنے کے لیے مرکز پر دباؤ بنانے کے مقصد سے ایک مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ملک کے عوام کو بیدار ہونے اور یکساں سول کوڈ کی اہمیت کو محسوس کرنے کی ضرورت ہے۔ رام دیو نے کہا کہ آئندہ 50 برسوں میں ملک کی تعداد کسی بھی قیمت پر 150 کروڑ عبور نہیں کرنی چاہیے کیونکہ ہم اس سے زیادہ افراد کی ضرورتیں پوری کرنے کے اہل یا تیار نہیں ہیں۔ یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب حکومت آبادی پر قابو پانے کے لیے کوئی قانون بنائے گی۔بابا رام دیو نے گئو کشی پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو گوشت خور ہیں ان کے پاس متبادل کی کمی نہیں ہے اور وہ کوئی دوسرا گوشت بھی کھا سکتے ہیں۔