تین سارقین بشمول متاثرہ کا بیٹا گرفتار ، سدھاکر اے سی پی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 3 اپریل (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ کنچن باغ میں جاریہ سال جنوری میں ایک مکان میں سرقہ کی واردات کے معمہ کو پولیس نے حل کرتے ہوئے 3 سارقین بشمول متاثرہ کے 19 سالہ بیٹے کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چندرائن گٹہ اے سدھاکر نے بتایا کہ 56 سالہ محمد رحمت شریف ساکن کنچن باغ نے پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ اُن کی بیوی اور بیٹی نے اپنے مکان کے اندر قیمتی طلائی زیورات محفوظ رکھے تھے جبکہ 29 مارچ کو الماری کھول کر دیکھنے پر یہ زیورات غائب ہوجانے پر کارروائی کی درخواست کی تھی۔ پولیس کنچن باغ نے اِس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مقدمہ درج کیا تھا اور شبہ کی بنیاد پر 3 سارقین بشمول ایک طالب علم کو گرفتار کرلیا۔ اے سی پی چندرائن گٹہ سدھاکر نے بتایا کہ پولیس نے اِس کیس میں 19 سالہ محمد عدنان شریف ساکن گلمرگ کالونی حافظ بابا نگر جو طالب علم ہے، 25 سالہ محمد ریحان الدین اور 22 سالہ محمد سمیر ساکن گھانسی بازار کو گرفتار کرلیا گیا اور اُن کے قبضہ سے 13.7 گرام مسروقہ طلائی زیورات ضبط کرلئے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ محمد عدنان شریف نے جنوری میں یہ دیکھا کہ اپنی ماں اور بہن نے الماری میں قیمتی طلائی زیورات محفوظ رکھے ہیں اور اِس کا سرقہ کرکے پرتعیش زندگی گزارنے کے لئے اپنے دیگر 2 دوستوں ریحان الدین اور سمیر کی مدد حاصل کی تھی۔ب