کوئلہ کی کان میں آتشزدگی آٹھ کانکن ہلاک

   

کراچی ۔ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وسائل سے مالامال صوبہ بلوچستان میں واقع ایک کوئلہ کی کان کے اندر آتشزدگی کا حادثہ رونما ہونے کے 48 گھنٹے بعد دو کانکنوں کو زندہ بچایا گیا اور آٹھ نعشوں کو بھی باہر نکالا جو حادثہ کے بعد جھلسی ہوئی حالت میں کان میں ہی پھنسی ہوئی تھیں۔ کوئلہ کی کان میں تقریباً ایک کیلو میٹر گہرائی کے اندر یہ حادثہ رونما ہوا جس میں 11 کانکن پھنس گئے تھے۔ بتایا جاتا ہیکہ آتشزدگی کا حادثہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے رونما ہوا۔ آگ کی شدت کی سے زہریلی گیس والے دھویں کے اخراج کی وجہ سے ابتدائی طور پر بچاؤ اور راحت کاری میں شدید دشواریاں پیدا ہوئیں۔ بعدازاں تلاشی کا کام جب دوبارہ شروع ہوا تو صرف دو کانکنوں کو ہی بچایا جاسکا اور بعدازاں تلاشی کا کام روک دیا گیا۔ ڈائرکٹر جنرل صوبائی ڈیساسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی عمران خان زرکون نے یہ بات بتائی۔ جن دو کانکنوں کو بچایا گیا ہے انہیں انتہائی نازک حالت میں کوئٹہ کے ایک سیول ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔