کوئی بھی جرم 24 گھنٹے میں حل کرنے کا عزمکمشنر پولیس رچہ کنڈہ ڈی ایس چوہان

   

حیدرآباد 5 جنوری ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس نے کسی بھی جرم کو 24 گھنٹے میں حل کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ ڈی ایس چوہان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رچہ کنڈہ کمشنریٹ کے حدود میں تمام پولیس کی یونٹس مشترکہ کام کرتے ہوئے کسی بھی جرم کو 24 گھنٹے میں حل کرلیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تو پولیسنگ کے مختلف پہلووں پر کام کیا جا رہا ہے کہ تاکہ جرائم کی شرح کو کم کیا جاسکے ۔ اگر پھر بھی کوئی جرم ہوتا ہے تو اسے 24 گھنٹے میں حل کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس سے سخت کارروائی کی جائیگی ۔ عوام کو چاہئے کہ جب کبھی مسئلہ ہو وہ پولیس سے رجوع ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سائبر حدود میں اور سڑکوں پر خواتین کے تحفظ پر خاص توجہ دے گی اور خواتین کو پرسکون ماحول فراہم کیا جائیگا ۔ انہوں نے اراضیات کے فرضی دستاویزات تیار کرنے اور جائیدادوں پر قبضہ کرنے والوں کو بھی خبردار کیا ۔ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ ملزم کو عدالتوں سے سزائیں سنائی جائیں۔