کورونا ،لاک ڈاؤن کی صورتحال پر چیف منسٹر کا آج اجلاس

,

   

مزید رعایتوں پر غور، عبادت گاہوں کو جون میں کھولنے کی تجویز شامل
حیدرآباد۔/26 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں کورونا اور لاک ڈاؤن کے علاوہ مانسون کے پیش نظر زرعی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے 27 مئی کو پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا ہے۔ اجلاس میں 2 جون کو تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب کے سلسلہ میں بھی اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ ریاست میں کورونا وائرس کی صورتحال، لاک ڈاؤن پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے صورتحال پر قابو پانے کیلئے بعض فیصلے کئے جاسکتے ہیں۔ موجودہ رعایتوں میں تبدیلی پر بھی غور کا امکان ہے۔ حیدرآباد میں فی الوقت ایک دن کے وقفہ سے دکانات کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اجلاس میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ آیا موجودہ طریقہ کار کو برقرار رکھا جائے یا پھر تمام دکانات کو کھولنے کی اجازت دی جائے۔ واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے ذریعہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے۔ روزانہ 50 فیصد دکانات کھولنے کی اجازت ہے جبکہ دوسرے دن باقی 50 فیصد دکانات کھلیں گی۔ بلدیہ کی جانب سے طاق اور جفت نمبرات الاٹ کئے جارہے ہیں اس کے اعتبار سے کاروبار کھولے جائیں گے۔ بلدی حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ طاق اور جفت کے طریقہ کار پر سختی سے عمل کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دنوں حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں میں کورونا کے کیسس میں اضافہ کا مسئلہ اجلاس میں زیر بحث آئے گا۔