کورونا اموات کے نام پر دھوکہ ، بین ریاستی ٹولی گرفتار

   

کڑپہ میں ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس ، متاثرین کی شکایت پر کارروائی

کڑپہ /12 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع ایس پی کڑپہ مسٹر امبولاجن نے یہاں اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کڑپہ پولیس نے کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کو وائی ایس آر بھیما نے فرضی نام سے دھوکہ دینے والے بین ریاستی ٹولی کے رکن کو گرفتار کرلیا گیا ۔ تفصیلات بتاتے ہوئے امبولاجن نے کہا کہ گذشتہ 2 ماہ سے ضلع کڑپہ میں ایک بین الریاستی ٹولی ایک منصوبہ کے تحت کوویڈ اموات کی تفصیلات جمع کرکے مہلوکین کے افراد خاندان سے ربط کرکے کڑپہ کلکٹر آفس سے فون کرنے کا جھوٹا بہانہ کرکے وائی ایس آر بھیما کے نام سے بڑی رقومات دلانے کا دعوی کرکے متعلقین سے لاکھوں روپئے Phone Pay کے ذریعہ اپنے اکاونٹس میں جمع کروا رہے تھے ۔ اس ٹولی کے دھوکہ کا شکار افراد نے جن کا تعلق کڑپہ، پرولاائور ، قاضی پیٹ ، بدویل ، جی مٹم ، بنڈلی مری اور دیگر علاقوں کے متاثرین نے ضلع ایس پی مسٹر کے کے ایم امبولاجن سے شکایت کی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اس سلسلے میں ون ٹاون انسپکٹر این وی ناگا راجو کو مقدمہ درج کرکے تحقیقات کی ہدایت دی ۔ 6 اکٹوبر کو مقدمہ درج کرکے ضلع سائبر کرائم ٹیم کے تعاون سے یو پی آئی کی مدد سے 9 مختلف بینکوں کے اکاونٹس کا جائزہ لے کر ان اکاونٹس میں موجود 7 لاکھ 34 ہزار 964 روپیوں کو فریز کردیا گیا ۔ ون ٹاون انسپکٹر ناگاراجو نے اس گینگ کے رکن 31 سالہ وینکٹیش کو جو ضلع کڑپہ کے قاضی پیٹ کا ساکن ہے گرفتار کرلیا گیا ۔ تفتیش پر ملزم نے کئی اعترافات کئے ۔ اس نے بتایا کہ دیگر کئی ملزمین کے ساتھ مل کر دہلی میں اس سلسلے میں ایک کال سنٹر قائم کرکے ریاست بھر کے لوگوں کو وائی ایس آر بھیما کی رقم دلانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے وصول کرتے تھے ۔ ایس پی کڑپہ امبولا جن نے اس کیس کو جلد حل کرنے پر ون ٹاون انسپکٹر اور کڑپہ سائبر کرائم کے سب انسپکٹر اور عملہ کی ستائشکی ۔