کورونا سے بچائو کے لیے شعور بیداری ویڈیو وائرل

   

رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار کی کامیاب مساعی
حیدرآباد۔ 3 اپریل (سیاست نیوز) کورونا وائرس سے بچائو کے لیے عوام میں احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور بیداری کے لیے ٹی آر ایس رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل کیا ہے جس میں نوجوانوں کو اپنے والدین کی بات مان کر گھروں میں رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔ ’’گھر میں رہو، کورونا کو شکست دیو‘‘ کے عنوان سے یہ ویڈیو تیار کی گئی جو کافی مقبول ہوچکی ہے۔ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد بالخصوص نوجوانوں کو اس ویڈیو میں وائرس کے خطرے سے خبردار کیا گیا ہے ویڈیو میں ایک ماں اپنے بیٹے کو لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باہر جانے سے منع کرتی ہے۔ لیکن وہ ان کی بات نظرانداز کرتے ہوئے چلا جاتا ہے۔ اس کی واپسی کورونا وائرس کے ساتھ ہوتی ہے یعنی وہ وائرس کا شکار ہوجاتا ہے۔ اس ویڈیو میں ایک نوجوان کی لاپرواہی اور ماں کی بات ماننے سے انکار کے نتیجہ میں کسی طرح سارے افراد خاندان وائرس کی زد میں آجاتے ہیں، بتایا گیا ہے۔ ویڈیو کا اصل تھیم نوجوانوں کو اپنے والدین کی بات سننے کی ترغیب دینا ہے۔ رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار مختلف عوامی مسائل پر شعور بیداری کے لیے ویڈیوس اور چھوٹی فلمیں تیار کرتے ہوئے اپلوڈ کرتے رہے ہیں۔ وہ اسے اپنی سماجی ذمہ داری تصور کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا میں یہ ویڈیو کافی مقبول ہوچکا ہے۔ سنتوش کمار نے ٹوئیٹر پر لکھا اس بات کی کوئی اہمیت نہیں کے آپ خود کو کتنا مضبوط تصور کرتے ہیں اور آپ کا دفاعی نظام طاقتور ہے لیکن آپ کا گھر سے باہر نکلنا نہ صرف آپ کی زندگی کو خطرہ میں ڈالنا ہے بلکہ گھر والوں کو بھی متاثر کرنا ہے ۔ گھر میں رہیں محفوظ رہیں ۔