کورونا سے فوت ہونے والوں کی تدفین ہندو ۔ مسلم دوستوں کا مثالی اقدام

,

   

نئی دہلی۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ اس وباء سے بڑی تعداد میں لوگ فوت ہورہے ہیں۔ دہلی کے قبرستان میں ہندو اور مسلم دوستوں نے کورونا کے مصدقہ و غیرمصدقہ طور پر مرنے والے ایسے افراد کی تدفین کا بیڑا اٹھایا جن کو مرنے کے بعد خود ان کے ارکان خاندان بھی چھونے سے ڈر رہے ہیں۔ اس وقت ملک کو ایسے ہی اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ محمد شمیم نامی ایک شخص تدفین کے امور میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے جبکہ شیر سنگھ نامی شخص جے سی بی مشین کے ذریعہ قبروں کی کھدوائی کرتے ہیں۔ ٹی وی چیانل کی ایک رپورٹر نے ان سے بات چیت کی جس میں انہوں نے بتایا کہ نعشوں پر بھی ہندو۔ مسلم سیاست کرنا پاگل پن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں سبھی کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ سکیورٹی سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انہیں بھی پی پی ای کٹس فراہم کی جانی چاہئے کیونکہ انہیں بھی اس مرض سے متاثر ہونے کا اندیشہ لگا رہتا ہے۔ واضح رہے کہ اندرون دو ماہ تقریباً 240 میتوںکی تدفین عمل میں آئی۔