کورونا سے متاثر بورس جانسن آئی سی یو منتقل

,

   

صحتیابی کیلئے ٹرمپ، مائیکرون اور نتن یاہو کا نیک تمناؤں کا اظہار

لندن ،7اپریل (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے لندن کے ہاسپٹل کے آئی سی یو میں پیر کی رات گذاری۔ بتایا گیا ہیکہ کوروناوائرس کے علاج کیلئے انہیں وینٹیلیٹر کی ضرورت ہے۔ 55 سالہ جانسن کو کوروناوائرس کی علامتوں کے بعد اتوار کو سینٹ تھامس ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔ کل علاج کے دوران ان کی طبعیت بگڑ گئی جس پر ڈاکٹرس نے انہیں آئی سی یو میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ کابینی وزیر نے بتایا کہ وہ وینٹیلیٹر پر نہیں ہیں بلکہ انہیں آکسیجن دی جارہی ہے۔ دنیا کے اعلیٰ قائدین بورس جانسن کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں۔ فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے منگل کو ان کے جلد صحتمند ہونے کی دعا کی۔ میکرون نے ٹوئٹ کرکے کہا، “میں جانسن، ان کے خاندان اور برطانیہ کے لوگوں کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں کھڑا ہوں۔ میں ان کی جلد صحتیابی کی دعا کرتا ہوں۔ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے بھی بورس جانسن کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی۔اسرائیل کے وزیر اعظم دفترنے ٹویٹ کیا ’’وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو اور اسرائیلی شہریوں نے برطانیہ کے وزیر اعظم کی جلد صحتمند ہونے کی دعا کرتے ہیں۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈٹرمپ نے آج بورس جانسن کے آئی سی یو میں داخل ہونے کی خبر سن کے گہرے رنج کا اظہارکیا ہے اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس ٹاسک فورس کانفرنس کے موقع پر کہا ’’میں اپنے سب سے اچھے دوست اور امریکہ کے دوست ، بورس جانسن کو نیک خواہشات دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام امریکی جانسن کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا ’’جانسن بہت مضبوط ، پرعزم اورآسانی سے ہار ماننے والے انسان نہیں ہیں‘‘۔ ادھر ، بکنگھم پیلس کے ترجمان نے بتایا کہ ڈاؤننگ اسٹریٹ نے ملکہ کو وزیر اعظم جانسن کی حالت سے آگاہ کردیا ہے ۔