کورونا سے نمٹنے کے اقدامات پر مودی ۔ نتن یاہو تبادلہ خیال

   

آپسی اشتراک پر زور ۔ ادویات کی دستیابی کو بہتر بنانے سے بھی دونوں کا اتفاق

یروشلم / نئی دہلی 3 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے اسرائیلی ہم منصب بنجامن نتن یاہو نے کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے ہندوستان اور اسرائیل کے مابین امکانی اشتراک پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ دونوں قائدین نے ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے اور اعلی ٹکنالوجی کے اختراعی استعمال کی ضرورت سے بھی اتفاق کیا ۔ وزیر اعظم نریندرمودی کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں قائدین نے اپنی فون پر ہوئی بات چیت کے دوران اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ ایک دوسرے سے رابطوں کو بھی بہتر بنایا جانا چاہئے تاکہ اس وباء سے نمٹنے میں اشتراک موثر ہوسکے ۔ یروشلم میں وزیراعظم اسرائیل کے میڈیا مشیر نے کہا کہ دونوںقائدین نے کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس وباء کے باعث دنیا بھر میں 50,000 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیںاور اس کے متاثرین کی تعداد دس لاکھ سے بھی زیادہ ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دونوں قائدین اس وائرس کے پھوٹ پڑنے کے بعد سے مسلسل ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔ دفتر وزیر اعظم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں قائدین نے اس وباء سے نمٹنے اور اس سے مقابلہ میں ہند۔ اسرائیل اشتراک کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ان اقدامات میں ایک دوسرے کیلئے ادویات کی دستیابی کو بہتر بنانا اور اعلی ٹکنالوجی کا اختراعی استعمال کرنا بھی شامل ہے ۔ نتن یاہو نے نریندر مودی کے اس خیال سے اتفاق کیا کہ موجودہ تاریخ میں کورونا کی وباء ایک اہم ٹرننگ پوائنٹ ہے ۔ اس کے ذریعہ ایک نیا ویژن تیار کرنے کا موقع بھی دستیاب ہو رہا ہے اور ساری دنیا کو انسانیت کی بہتری کیلئے آگے آنا چاہئے ۔ اس سے قبل نتن یاہو نے نریندرمودی کو فون کرتے ہوئے ان سے خواہش کی تھی کہ اسرائیل کو ادویات اور ماسک کی فراہمی کی اجازت دی جائے ۔ نتن یاہو نے یہ درخواست 13 مارچ کو فون کرتے ہوئے کی تھی جب ہندوستان نے ان اشیا کی بیرونی ممالک کو ایکسپورٹ روکنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ ہندوستان میں پیش آنے والی ضروریات کی تکمیل ہوسکے ۔