کورونا ‘شہر کے چار زونس تک ہی محدود

,

   

آج سے اے سی دوکانیں اور آٹوموبائیل شورم کھلیں گے : کے سی آر
حیدرآباد 15 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے واضح کیا کہ حیدرآباد کے چار زونس کے سوا ریاست میں کورونا کے کوئی مثبت کیسیس نہیںہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 17 مئی کو مرکزی حکومت کی جانب سے لاک ڈاون میںنرمی کے تعلق سے جو رہنما خطو ط جاری کئے جائیں گے ان کے پیش نظر ریاست کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مانسون سیزن میںامکانی طور پر پھوٹ پڑنے والی موسمی بیماریوں کی روک تھام کیلئے احتیاطی اقدامات کا آغاز کریں اور ساتھ ہی ریاست میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے اقدامات کا سلسلہ بھی جاری رکھیں۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات پر ایک اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے اجلاس میں لاک ڈاون پر عمل آوری اور موسمی امراض کے پھوٹ پڑنے سے روک تھام کیلئے احتیاطی اقدامات کا بھی جائزہ لیا ۔ ریاستی وزراء ایٹالہ راجندر ‘ کے ٹی راما راو ‘ ای دیاکر راو ‘ وی پرشانت ریڈی ‘ چیف سکریٹری سومیش کمار ‘ ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی ‘ اسپیشل چیف سکریٹری مس شانتا کماری اور دوسرے عہدیداروں نے اجلاس میںشرکت کی ۔ چیف منسٹر نے کہاکہ کورونا وائرس ریاست تلنگانہ میں اب صرف چار زونس تک محدود ہوگیا ہے ۔ یہ صرف ایل بی نگر ‘ ملک پیٹ ‘ چارمینار اور کاروان زونس میں ہی ہے ۔ ان علاقوں میں1442 خاندان رہتے ہیں۔ یادادری بھونگیر ‘ جنگاوں ‘ منچریال میں کچھ مائیگرنٹ ورکرس کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں تاہم ان اضلاع کے عوام میں کوئی وائرس نہیں ہے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ہفتہ سے ریاست میں اے سی بیچنے والی دوکانیں ‘ آٹوموبائیل شوروم ‘ آٹو موبائیل اسپیر پارٹس کی دوکانیں کھولنے کی اجازت رہے گی ۔ آر ٹی اے دفاتر و رجسٹریشن دفاتر بھی کام کرینگے ۔