کورونا متاثرین سے وزیر پنچایت راج دیاکر راؤ کی ٹیلی کانفرنس

   

مرض سے خوف زدہ نہ ہوں، احتیاط کے ذریعہ بچاؤ ممکن
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے کہا کہ کورونا کیسیس میں اضافے سے عوام کو خوف زدہ ہونے کی بجائے احتیاطی تدابیر پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے احتیاط ہی علاج سے بہتر ہے۔ دیاکر راؤ نے اپنے حلقہ انتخاب پالاکرتی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرس، طبی عملہ، ریونیو، پنچایت راج، پولیس عہدیداروں اور مقامی عوامی نمائندوں کے علاوہ کورونا کے متاثرین اور ان کے افراد خاندان سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثر افراد کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ متواتر علاج اور چوکسی کے ذریعہ چند دن میں وہ صحتیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوں اور ڈاکٹرس کی خدمات کے بارے میں مریضوں اور ان کے افراد خاندان سے معلومات حاصل کیں۔ وزیر پنچایت راج نے کہا کہ وہ روزانہ عہدیداروں اور ڈاکٹرس سے ربط میں ہیں تاکہ دواخانوں میں علاج میں کوئی کوتاہی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ شعور بیداری کے ذریعہ کورونا کی تیسری لہر پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص اپنی ذمہ داری کے طور پر دوسروں کو احتیاطی تدابیر سے واقف کرائیں تاکہ متحدہ ورنگل ضلع کو کورونا سے نجات دی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے روزانہ ایک لاکھ سے زائد کورونا ٹسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حقیقی صورتحال سے واقفیت ہو۔ حکومت نے جن احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا ہے اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔ وزیر پنچایت راج کے مطابق ماسک اور سماجی دوری کورونا سے بچاؤ میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے کورونا سے متاثر ہونے پر گھر والوں کو خوف زدہ ہونے کی بجائے اپنا ٹسٹ کراتے ہوئے آئیسولیشن اختیار کرنا چاہئے۔ ر