کورونا مریضوں کی 4 دن میں صحتیابی

   

زیادہ سنگین مسائل کا بھی سامنا نہیں۔ عوام کو احتیاط کا مشورہ
حیدرآباد۔26۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا وائر س کے متاثرین 3تا4 یوم میں صحت یاب ہونے لگے ہیں اور کو کسی طرح کی سنگین صورتحال کا سامنا کرنا نہیں پڑرہا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق تلنگانہ میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہاہے لیکن اس مرض کا شکار ہونے والوں کو اب منفی رپورٹ کیلئے 10یا14 دن کا انتظارنہیں کرنا پڑرہا ہے کیونکہ جو مریض ہیں ان میں بیشتر اندرون 4یوم دوبارہ معائنہ کے بعد منفی پائے جانے لگے ہیں جس سے ان میں سنگین بیماری لاحق نہیں ہورہی ہے ۔ دواخانہ سے رجوع مریضوں کے مشاہدہ اور دوبارہ معائنہ کی صورت میں منفی رپورٹ کے سبب محکمہ صحت نے اطمینان کی سانس لی ہے لیکن مریضوں سے کہا جار ہاہے کہ وہ عالمی معیار کے مطابق قرنطینہ اصولوں کی پابندی کریں اور علاج میں کوئی کوتاہی نہ کریں کیونکہ علاج اور ادویات کے استعمال میں کوتاہی مریض کی قوت مدافعت کو متاثر کرسکتی ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے گذشتہ دو ہفتوں میں معائنوں کی جانچ اور منفی رپورٹ کا مشاہدہ کرکے کہا کہ کورونا کی جس قسم کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کیاجا رہاہے وہ مختصر مدت کیلئے شکار ہوئے ہیں اور انہیں کھانسی ‘ سردی ‘ نزلہ کے علاوہ دیگر کوئی تکالیف کاسامنا نہیں ہے لیکن شدید بخار پر فوری معائنہ اور علاج پر توجہ کا مشورہ دیا جار ہے تاکہ اعضائے رئیسہ کو محفوظ رکھا جاسکے۔ خانگی ڈاکٹرس نے بتایا کہ کورونا مریضوں کا علاج وہ روایتی بخار کے طور پر کر رہے ہیں کیونکہ وائرس کے متبدلہ اقسام خطرناک نوعیت کے نہیں ہیں اور سائنسی اعتبار سے جب کوئی وائرس اپنے خاتمہ کی طرف رواں ہوتا ہے تو وہ کمزور پڑنے لگتا ہے اسی لئے تشویش کے بجائے ہمت سے کام لے کر علاج جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔م