کورونا معائنہ کروانے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں

   

بروقت معائنے کے ذریعہ بہتر علاج ممکن مسلسل اضطراب سے نفسیاتی مسائل کا اندیشہ

حیدرآباد۔کورونا وائرس کا معائنہ کروانے کے لئے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ بروقت معائنہ کے ذریعہ بہتر علاج اور احتیاط کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ شہر میں جن لوگوں میں کورونا وائرس کے علامات پائے جا رہے ہیں وہ بھی کورونا وائرس کا معائنہ کروانے میں خوف محسوس کر رہے ہیں اور نفسیاتی بیماریوں میں مبتلاء ہونے لگے ہیں۔ نفسیاتی امراض میں مبتلاء ہونے کے بجائے علا مات کی صورت میں کورونا وائرس کے معائنہ کے ذریعہ اس بات کی توثیق حاصل کی جا سکتی ہے کہ کورونا وائرس ہے یا وہم ہے۔ حکومت کی جانب سے اگر معائنوں میں تیزی لائی جاتی ہے تو ایسی صورت میں فوری کورونا وائرس کا معائنہ کرواتے ہوئے اس بات کی طمانیت حاصل کرلینی چاہئے کہ جس شخص میں علامات پائی جا رہی ہیں وہ کورونا وائرس سے متاثر ہیں یا نہیں ۔ کورونا وائرس کے خوف سے نجات کیلئے ڈاکٹرس کو چاہئے کہ وہ کورونا وائرس کی علامات کے ساتھ رجوع ہونے والے مریضوں کے ایچ آر سی ٹی اسکان کے بجائے راست کورونا وائرس کے معائنہ تجویز کریں تو لوگوں میں اس معائنہ کے متعلق موجود خوف ختم ہونے لگے گا۔ ماہر اطباء کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے معائنہ کوئی خائف کرنے والا یا کوئی انتہائی مہلک مرض کا معائنہ نہیں ہے اور اگر قبل از وقت معائنہ سے توثیق ہوجاتی ہے تو ایسی صورت میںابتدائی مرحلہ کے علاج و معالجہ میں سہولت ہوگی اسی لئے کورونا وائرس کے معائنوں کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ شہر حیدرآباد میں یومیہ اساس پر کورونا وائرس کے مریضوں میں ہونے والے اضافہ کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں ایسے لوگ موجود ہیں جو کہ علامتوں کے ساتھ گھروں میں رہتے ہوئے علاج کررہے ہیں اور معائنہ نہ ہونے کے سبب جب دواخانہ میں شریک کرنے کی نوبت آرہی ہے تو پھر دوبارہ انتظار کر نا پڑرہا ہے۔ جن لوگوں میں علاماتیں موجود ہیں وہ اپنے علاج کے ساتھ کورونا وائرس کے معائنہ میں غفلت نہ کرتے ہوئے خود کو ذہنی طو رپر علاج کیلئے تیار رکھیں تاکہ اگر تنفس کے مسائل پیدا ہوں تو فوری انہیں شریک دواخانہ کیاجاسکے۔