کورونا وائرس ، ملک کے اضلاع تین زونس میں تبدیل

   

ہاٹ اسپاٹ اور ریڈ زون پر گہری نظر ، مرکزی حکومت سے فہرست کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : مرکزی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر ملک کے اضلاع کو تین زونس میں تبدیل کیا ہے ۔ حیدرآباد کے بشمول تلنگانہ کے 8 اضلاع کو ریڈ زون میں شامل کیا ہے ۔
ریڈ زون
حیدرآباد ، نظام آباد ، ورنگل اربن ، رنگاریڈی ، جوگولا مبا گدوال ، میڑچل ، ملکاجگری ، کریم نگر ، نرمل شامل ہیں ۔ حیدرآباد ( جی ایچ ایم سی ) کے حدود میں سب سے زیادہ 267 کورونا وائرس کے پازیٹیو کیسیس پائے گئے ہیں ۔ نظام آباد میں 36 ، ورنگل اربن میں 21 ، رنگاریڈی میں 16 ، جوگولامبا گدوال میں 18 ، میڑچل میں 22 ، ملکاجگیری میں 22 کیسیس درج ہوئے ہیں ۔ ان اضلاع میں مزید کیسیس بڑھنے سے روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی گئی ہے ۔۔
آرینج زون
ریاست کے 19 اضلاع کو آرینج زون میں شامل کیا گیا ہے جس میں سوریہ پیٹ ، عادل آباد ، محبوب نگر ، کاماریڈی ، وقار آباد ، سنگاریڈی ، جگتیال ، جنگاؤں ، جئے شنکر بھوپال پلی ، کمرم بھیم آصف آباد ، ملگ ، پداپلی ، ناگر کرنول ، محبوب آباد ، راجنا سرسلہ ، سدی پیٹ شامل ہیں ۔ سدی پیٹ ، سرسلہ ، محبوب آباد اضلاع میں صرف ایک ایک کیس درج ہوا ہے جب کہ ناگر کرنول ، جگتیال ، ملگ میں دو ، دو کیسیس درج ہوئے ہیں ۔۔
گرین زون
تلنگانہ کے 6 اضلاع کو گرین زون قرار دیا گیا ہے ۔ جس میں نارائن پیٹ ، ونپرتی ، ورنگل رورل ، منچریال ، یدادری بھونگیر میں ابھی تک ایک بھی پازیٹیو کیس درج نہیں ہوا ہے ۔ ضلع جنگاوں میں دو پازیٹیو کیسیس درج ہوئے دونوں بھی صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج ہوگئے ۔ ضلع جنگاؤں بھی گرین زون کی فہرست میں شامل ہیں ۔۔
نلگنڈہ ہاٹ اسپاٹ ضلع
مرکزی حکومت نے کلسٹرس کے ہاٹ اسپاٹ اضلاع کی فہرست میں ضلع نلگنڈہ کو شامل کیا ہے ۔ اس ضلع میں ایک ہفتہ قبل آخری پازیٹیو کیس درج ہوا تھا جس کے بعد ابھی تک ایک بھی نیا پازیٹیو کیس درج نہیں ہوا ۔ مزید ایک ہفتہ تک ضلع نلگنڈہ میں ایک بھی نیا پازیٹیو کیس درج نہیں ہوتا ہے تو اس ضلع کو آرینج زون میں منتقل کرنے کے قوی امکانات ہیں ۔۔