کورونا وائرس سے احتیاط پر زور ، اجتماعات سے گریز کا مشورہ

   

فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوششوں کو نظر انداز نہ کریں ، شفیق الرحمن مہاجر
حیدرآباد۔8جون(سیاست نیوز) کورونا وائرس سے احتیاط کریں اور بیماری کو سنجیدگی کے ساتھ لیتے ہوئے کسی بھی طرح کے اجتماعات سے گریز کریں ۔ ماہر قانون داں جناب شفیق الرحمن مہاجر نے اپنے ایک بیان میں جنوبی آفریقہ اور سعودی عرب میں مساجد کی کشادگی کے بعد پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے اور مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے بعد دونوں مقامات پر دوبارہ لاک ڈاؤن کے فیصلہ پر غور کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے طور پر اس بات کا فیصلہ کریں کیونکہ کورونا وائرس ایسے مریض جن میں علامتیں نہیں پائی جا رہی ہیں وہ اس وباء کو پھیلانے کے مرتکب بن رہے ہیں ۔ جناب شفیق الرحمن مہاجر نے بتایا کہ ہندستان میں کورونا وائرس کی وباء کے ساتھ ہی اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی اور تبلیغی جماعت اور مرکز کو نشانہ بنایا جاتا رہا اس بات کو فراموش نہیں کیاجانا چاہئے کہ ملک میں کورونا وائرس کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ انہو ںنے مساجد کی کشادگی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور جنوبی افریقہ میں مساجد کی کشادگی کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کا جائزہ لیں تو وہاں مسلم مریضوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ اسی لئے ہندوستان میں حکومت نے تو مساجد کی کشادگی کا فیصلہ کرلیا ہے اور مساجد کو کھول دیا گیا ہے لیکن عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے طور پر اس بات کا فیصلہ کریں ۔ انہو ںنے مسلمانو ںسے اپیل کی کہ وہ اس بیماری کے متعلق بد احتیاطی نہ کریں ۔جناب شفیق الرحمن مہاجر نے کورونا وائرس کی وباء کے پھیلنے کے وجوہات اور اس سے احتیاط کے امور کا جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ احتیاط ہماری اپنی ذمہ داری ہے اور اپنی احتیاط کے ذریعہ قوم کو بھی بچایا جاسکتا ہے ۔