کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کو کانگریس پارٹی کی تائید

   

کسانوں پر توجہ دی جائے، چیف منسٹر کو سمپت کمار کا مکتوب
حیدرآباد۔ 27 مارچ (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت کے اقدامات کی ستائش کی انہوں نے کہا کہ اہم اپوزیشن جماعت کی حیثیت سے کانگریس احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ عالم پور اسمبلی حلقے کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں میں کسان بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ مرچ، جوار اور مونگ پھلی کے کاشت کار پیداوار کی فروخت کے بارے میں فکرمند ہیں۔ ہزاروں ایکڑ اراضی پر فصلیں تیار ہیں لیکن لاک ڈائون کے سبب کسان کسی بھی سرگرمی کے موقف میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو زرعی پیداواری اشیاء کی فروخت کے سلسلہ میں خصوصی قدم اٹھانے چاہئیں۔ سمپت کمار نے چیف منسٹر سے درخواست کی کہ سفید راشن کارڈ ہولڈرس کے لیے فی کس 1500 روپئے کی امداد ناکافی ہے۔ لہٰذا اس رقم میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے خانگی ملازمین کی طرح دیہی علاقوں میں ضمانت روزگار اسکیم کے تحت امداد فراہم کرنے کی تجویز پیش کی۔ سمپت کمار نے کہا کہ ہر شہری کو احتیاطی تدابیر کے ذریعہ وائرس سے بچائو کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومت میں جن پابندیوں کا اعلان کیا ہے ان پر سختی سے عمل کیا جائے۔