کورونا وائرس والے اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے :جگن موہن ریڈی

   

حیدرآباد 19اپریل (یو این آئی) اے پی کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں ریاست میں کورونا وائرس اور اس کے متاثرین کو دی جارہی طبی امداد کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیاگیا۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اضلاع کرنول،گنٹور،کرشنا اور نیلور پرزیادہ توجہ مرکوز کریں جہاں پر کورونا وائرس زیادہ پھیلا ہے ۔انہوں نے عہدیداروں پرزوردیا کہ وہ خاندانی سروے کے ذریعہ نشاندہی کردہ 32ہزار افراد کی طبی جانچ مکمل کرے ۔وزیراعلی نے والنٹرس،ہلپرس،ولیج سکریٹریز،وارڈ سکریٹریز اور سینی ٹیشن ورکرس کو کورونا انشورنس اسکیم کے تحت لانے کے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے اسپتالوں میں سینی ٹیشن پر توجہ مرکوز کرنے پر بھی زور دیا۔انہوں نے اس خصوص میں مہم چلانے کی بھی ہدایت دی۔اسی دوران جگن نے ڈاکرا گروپ کی خواتین کی جانب سے تیار کردہ ماسکس کا معائنہ کیا۔اس موقع پر عہدیداروں نے ان کو بتایا کہ یہ ماسکس ریڈ زون قرار دیئے گئے علاقوں میں بھیجے جارہے ہیں۔وزیراعلی نے دعوی کیا کہ کوروناوائرس کی طبی جانچ کے معاملہ میں ریاست کو ملک میں دوسرا مقام حاصل ہے ۔راجستھان پہلے مقام پر ہے ۔