کورونا وائرس پر قابو پانے ملک گیر لاک ڈاؤن کا خیرمقدم

,

   

حکومت کے اقدامات میں بھرپور تعاون کا تیقن ، سونیا گاندھی کا وزیراعظم کو مکتوب

نئی دہلی، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومت کے 21 دن کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وبا کے خلاف حکومت جو بھی قدم اٹھائے گی پارٹی اس کی حمایت کرے گی ۔ سونیا گاندھی نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کیا اور کہا کہ کانگریس کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں حکومت اور ملک کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ اس وبا سے نمٹنے کے لئے حکومت جو بھی قدم اٹھائے گی پارٹی اس کی حمایت کرے گی ۔نریندر مودی کے پورے ملک میں 21 دن کے لاک ڈاؤن کو صحیح قدم قرار دیتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ اس وائرس نے پوری دنیا کو بحران میں ڈال دیا ہے اور بالخصوص معاشرے کے کمزور طبقے کے لوگو کے لئے یہ چیلنج بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک اس بیماری کو شکست دینے کے لئے متحد ہے اور کانگریس پارٹی اس کو شکست دینے کے حکومت کے ہر فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے ۔سونیا گاندھی نے کورونا سے لڑنے کے لئے حکومت کے 15000 کروڑ روپے مختص کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس بیماری کا علاج کر رہے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملہ کو اس بیماری سے تحفظ کے سبھی ضروری آلات دستیاب کرائے جانے چاہئیں۔ڈاکٹروں، نرسوں اورطبی عملے کو یکم مارچ سے چھ ماہ تک ‘جوکھم الاؤنس’ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا طبی اہلکار اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر کووڈ ۔19کے خلاف جنگ میں سب سے آگے ہیں لہذا ہمارا فرض ہے کہ انہیں ہر ممکن سیکورٹی اور مراعات دی جائیں۔انہوں نے کووڈ۔19 کے علاج کے لئے مقرر ہاسپٹلس اور وہاں پر بیڈس کی تعداد، آئسولیشن چیمبرس، ویٹی لیٹرس، طبی ٹیمیں، طبی سپلائی وغیرہ کے بارے میں غیر یقینی کو دور کرنے کا حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر مقرر ہاسپٹل کا پتہ اور ان کے ایمرجنسی فون نمبر کے ساتھ تمام ضروری معلومات عوام سے زیادہ سے زیادہ فراہم کرنا ضروری ہے ، تاکہ اس وبا کو کنٹرول کرنے میں مدد مل سکے ۔ یہ معلومات اور دیگر ضروری معلومات دینے کے لئے ایک ویب پورٹل ہونا چاہئے ۔کانگریس صدر نے کہا کہ اس وبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد بڑھنے سے بندوبست متاثر نہ ہو لہذا جن مقامات پر مستقبل قریب میں اس وبا کے سب سے زیادہ پھیلنے کے آثار ہوں، وہاں پر مرکزی حکومت کو فوراً عارضی اسپتال کی سہولیات شروع کرنا چاہئے ، جن میں بڑی تعداد میں آئی سی یو اور ویٹی لیٹر ہوں۔یومیہ مزدور، منریگا مزدور، فیکٹری مزدور، تعمیراتی اور غیر منظم سیکٹر کے مزدور، ماہی گیر اور کھیت مزدوروں کے ساتھ ہی کمپنیوں اور عارضی ملازمین کی چھٹنی کے پیش نظر ان کے لئے وسیع سماجی سیفٹی نظام بنانے کے اقدام کرنا ضروری ہیں تاکہ وہ اس مشکل دور کا سامنا کر سکیں۔اپنے چار صفحات پر مشتمل مکتوب میں سونیا گاندھی نے مرکزی حکومت کو کئی تجاویز بھی پیش کی ۔ انہوں نے ماہانہ آسان اقساط ( ای ایم آئی) کی ادائیگیوں کو آئندہ چند ماہ تک ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی اور اس مدت کیلئے بینکوں کی جانب سے عائد کئے جانے والے سود کو بھی معاف کرنے پر زور دیا ۔ جن دھن اکاؤنٹ ہولڈرکو 7500 روپئے کی رقم منتقل کرنے کے علاوہ ضعیف ، بیوہ اور جسمانی معذورین و دیگر کو بروقت مالی امداد کی فراہمی کی تجویز بھی پیش کی ۔ سونیا گاندھی نے لاک ڈاؤن کے دوران 10کیلو چاول اور گیہوں راشن کارڈ ہولڈرس کو مفت تقسیم کرنے پر بھی زور دیا ۔ کورونا وائرس وباء سے متاثر ہونے والے تمام شعبوں کیلئے امدادی پیاکیج کی تجویز پیش انہوں نے پیش کی ۔