کورونا وائرس پر لاک ڈاؤن ، واٹس ایپ کے استعمال میں اضافہ

   

سوشیل میڈیا کے صارفین کی ریکارڈ تعداد ، ویڈیوز اور سنیما بینی
حیدرآباد۔27مارچ(سیاست نیوز) کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے سبب پیدا شدہ صورتحال کے سبب ہندستان میں واٹس اپ کے استعمال میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔واٹس اپ کے استعمال کے سلسلہ جاری کی گئی رپورٹ میںبتایا گیا ہے کہ 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اسی طرح دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر بھی عوامی سرگرمیوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ عوام لاک ڈاؤن کے سبب فاضل وقت سوشل میڈیا پر گذار رہے ہیں۔انسٹا گرام پر انجام دی جانے والی سرگرمیو ںمیں بھی 27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ بھی اطلاع ہے کہ فیس بک کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن آمدنی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے کیونکہ فیس بک کو جو اشتہارات حاصل ہوتے ہیں ان میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔واٹس اپ کے استعمال میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں بتایا جار ہا ہے کہ نوجوان طبقہ کی جانب سے اس کا استعمال زیادہ کیا جا رہاہے جبکہ فیس بک کے استعمال میں ہر عمر کے لوگ شامل ہیں اور ان کی سرگرمیاں بھی مختلف ہیں۔سوشل میڈیا کی معروف سائٹ فیس بک کے استعمال میں ہونے والے مجموعی اضافہ کے سلسلہ میں بتایا جا رہاہے کہ 37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اسی طرح یوٹیوب پر ویڈیوز کا مشاہدہ کرنے کے فیصد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوچکا ہے اور لوگ اسی پر وقت گذاری کر رہے ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر وقت گذاری کرنے والوں کی بڑی تعداد18سے50سال عمر والوں کی ہے۔