کورونا وائرس کا خطرہ عمرہ ویزے عارضی طور پر معطل

,

   

متاثرہ ممالک کے ٹورسٹ ویزا پر بھی پابندی
ریاض 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی حکومت نے عمرہ ویزے کی اجرائی کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔ وزارت خارجہ اُمور نے آج اپنے ایک بیان میں بتایا کہ کورونا وائرس کی امکانی وباء کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا ہے۔ وزارت خارجی اُمور نے ٹورسٹ ویزا رکھنے والے اِن ممالک کے افراد کے سعودی عرب میں داخلہ کو بھی روک دیا ہے جہاں کورونا وائرس خوفناک طریقہ سے پھیل رہا ہے۔ وزارت نے بتایا کہ نئے کورونا وائرس (کوویڈ ۔ 19) کے اثرات اور خطرات پر سعودی عرب کے صحت سے متعلق حکام کی قریبی نظر ہے۔ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور اس پر قابو پانے کے لئے خاص طور پر عالمی صحت تنظیم کے علاوہ منظورہ بین الاقوامی معیارات اور مختلف ممالک کی کوششوں کو روبہ عمل لانے میں سعودی عرب حکومت کافی سنجیدہ ہے۔ سعودی وزارت خارجی اُمور نے مزید بتایا کہ سعودی شہریوں، یہاں مقیم افراد اور ہر وہ شخص جو عمرہ کی ادائیگی یا سیاحت کے لئے آنا چاہتا ہے، اس کو انتہائی تحفظ اور سیفٹی فراہم کرنے کے لئے یہ احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ یہ احتیاطی اقدامات مجاز ہیلت اتھاریٹیز کی سفارشات کی بنیاد پر کئے جارہے ہیں تاکہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کو آنے اور اس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ حکام نے سعودی عرب اور خلیج کے شہریوں کی جانب سے سعودی عرب سے جانے اور آنے کے لئے قومی شناختی کارڈ کے استعمال کو بھی معطل کردیا ہے۔ متعلقہ حکام انٹری پوائنٹ پر سعودی عرب میں آمد سے قبل یہ تصدیق کریں گے کہ کن ممالک کے افراد سعودی عرب آرہے ہیں اور ان ممالک سے آنے والوں پر صحت سے متعلق احتیاطی اقدامات پر عمل کیا جائے گا۔ سعودی عرب نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ یہ اقدامات اور کارروائی عارضی ہے۔ ارباب مجاز کی جانب سے مسلسل ان کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزارت نے شہریوں سے کہاکہ وہ ان ممالک کا سفر نہ کریں جہاں کورونا وائرس کی وباء پھیل رہی ہے۔ دنیا بھر سے ہر ماہ ہزاروں افراد عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب آتے ہیں۔