حیدرآباد:کورونا وائرس کا ٹیکہ تیار کرنے والی حیدرآباد کی کمپنی بھارت بائیوٹیک نے اس کے کوویڈ19ٹیکہ کے لئے ایمرجنسی یوز اتھاریزیشن کی درخواست کی ہے۔قبل ازیں ایسے ہی ٹیکہ کو تیارکرنے والی فائزر اور سیرم انسٹی ٹیوٹ نے بھی ایسی ہی منظوری کی خواہش کی تھی۔ یہ ویکسن دیسی ساختہ ٹیکہ ہے جس کو بھارت بائیوٹیک کی جانب سے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر)کے ساتھ اشتراک سے تیار کیاجارہا ہے ۔حیدرآباد کی اس کمپنی کی جانب سے اس ٹیکہ کے انسانوں پر تجربہ کا تیسرامرحلہ انجام دیاجارہا ہے ۔ملک کے تقریبا 25مقامات بشمول دہلی،ممبئی،پٹنہ اور لکھنو میں یہ تجربہ کیاجارہا ہے ۔کمپنی نے تیسرے مرحلہ کے تجربہ کیلئے درخواست دینے کے دوران کہا تھا کہ اس کے منفی اثرات نہیں ہوئے ہیں۔عالمی سطح پر کورونا وائرس کی وباء کے منفی اثرات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس پر قابو پانے کے لئے برطانیہ میں آج سے ٹیکہ اندازی کا آغاز عمل میں آیا۔ دیگر کئی ممالک میں بھی ویکسین کے استعمال پر غور کیا جارہا ہے۔