کورونا وائرس کے مریض کی موت پر قلب پر حملہ سے ہونے کی تصدیق

   

وائرس کے سبب موت واقع ہونے کو اصل وجہ بتانے سے انکار
حیدرآباد۔15مئی(سیاست نیوز) کورونا وائرس کے متاثرین کی موت کی بنیادی وجہ کیا بن رہی ہے!کورونا وائرس کے مریضوں کی موت کے سلسلہ میںماہرین کی مختلف رائے اب تک سامنے آئی ہیں لیکن اب کہا جا رہاہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین جو فوت ہورہے ہیں ان میں اکثر اموات کی وجوہات کا علم نہیں ہورہا ہے ۔دنیا بھر میں 3لاکھ سے زائد اموات کے باوجود ماہرین اور محققین اس نتیجہ پر پہنچنے سے قاصر ہیں کہ کورونا وائرس کے متاثرین کی موت کی وجہ کیا ہو رہی ہے کیونکہ مختلف مریضوںکی موت کی وجوہات مختلف بیان کی جا رہی ہیں ۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی قلب پر حملہ سے موت کے علاوہ گردوں کے ناکارہ ہونے کے سبب بھی موت واقع ہورہی ہے اسی طرح متاثرین کے پھپھڑوں کے متاثر ہونے کے سبب بھی سانس لینے میں دشواری کے سبب ان کی اموات واقع ہونے لگی ہیں لیکن اب تک بھی اس بات کی توثیق نہیں کی جا رہی ہے کہ کورونا وائرس کے سبب مریضوں کے اعضائے رئیسہ متاثر ہورہے ہیں یا نہیں !عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے کئے جانے والے انکشافات اور حیرت انگیز دعوؤوں میں اب یہ بھی کہا جا رہاہے کہ کورونا وائرس کی علامتوں میں گردوں کے ناکارہ ہونے کے علاوہ دیگر اعضائے رئیسہ کا متاثر ہونا بھی شامل ہے۔ کورونا وائرس کے متاثرین کی اموات کے سلسلہ میں ماہرین کی جانب سے اب تک موت کی بنیادی وجہ نہیں بتائی جا سکی ہے اور کورونا وائرس کے متاثرین کی اموات کی صورت میں انہیں قلب پر حملہ سے موت واقع ہونے کا سرٹیفیکیٹ جاری کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ کورونا وائرس کے متاثر کا علاج کے دوران قلب پر حملہ سے انتقال ہوگیا ہے جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ انتظامیہ اس بات کو قبول کر رہا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب اموات کی تصدیق نہیں کی جاسکتی اسی لئے وہ قلب پر حملہ کو وجہ قرار دے رہے ہیں۔ اسی طرح ماہرین کی جانب سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اگر یہ مرض لاحق ہوجائے تو موت لازمی آئے گی کیونکہ یہ مرض مہلک نہیں ہے لیکن وبائی ہونے کے سبب اس مرض سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات کرنے کی تاکید کی جا رہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ شہری خود کو اور دوسروں کو اس مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے ہجوم سے دور رہیں اور کورونا وائرس کے خاتمہ میں اپنی ذمہ داری اداکریں کیونکہ اس بیماری کا مقابلہ شہری اپنے طور پر اپنے احتیاط کے ذریعہ ہی کرسکتے ہیں ۔ کورونا وائرس کے سبب فوت ہونے والوں میں بڑی تعداد قلب پر حملہ سے فوت ہونے والوں کے علاوہ گردو کے ناکارہ ہونے اور سانس لینے میں دشواری ہونے کے سبب فوت ہونے والوں کی ہے اسی لئے تاحال ماہرین اور محققین کی جانب سے یہ دعوی نہیں کیا جا رہاہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین کی موت کی بنیادی وجہ کیا ہے۔