کورونا وائرس ‘ ہوا میں برقرار رہ کر دوسروں کو متاثر کرسکتا ہے

   

32 ممالک کے 239 سائنسدانوں کی تحقیق ۔پرانے شہر کی گنجان آبادیوں میں حددرجہ احتیاط ضروری

حیدرآباد۔ کورونا وائرس ہوا کے دوش پر سفر کرنے کی اہلیت رکھتا ہے اور ہوا میں برقرار رہ کر سانس کے ذریعہ دوسروں کو متاثر کرنے کے قابل رہتا ہے۔32 ممالک سے تعلق رکھنے والے 239 سائنسدانوں نے عالمی ادارۂ صحت کو روانہ مکتوب میں یہ دعوی کیا اور کہا کہ وہ آئندہ ہفتہ اس تحقیق کو سائنسی جریدہ میں شائع کرینگے ۔ سائنسدانوں نے عالمی ادارۂ صحت سے رہنمایانہ خطوط میں تبدیلی کی سفارش کی اور کہا کہ اب جبکہ کورونا ہوا کے دوش پر پھیلنے کی توثیق ہونے لگی ہے تو فوری خطوط کو تبدیل کرکے اقدامات کئے جانے چاہئے۔ تحقیق کے مطابق کھانسنے اور چھینکنے کے علاوہ بات چیت کے دوران منہ سے نکلنے والے ذرات ہوا کے ذریعہ دوسروں میں منتقل ہونے اور انہیں متاثر کرنے کافی ہیں اور گنجان آبادیوں میں صورتحال خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ۔سائنسدانوں کی تحقیق کے بعد شہر بالخصوص پرانے شہر کے علاقوں اور گنجان آبادیوں میں فوری احتیاطی اقدامات کا آغاز کرکے صفائی کے انتظامات کے علاوہ سماجی فاصلہ کو یقینی بنانے اور دیگر امور کی انجام دہی کو ناگزیر تصور کیا جا رہاہے کیونکہ اگر کورونا ہوا کے ذریعہ پھیلنے کا اہل ہے تو اس سے بچاؤ کے احتیاطی تدابیر میں تبدیلی ضروری ہے۔ماہرین کا کہناہے کہ جن مقامات پر گنجان آبادیاں ہیں ان کو فوری محفوظ بنانے کے اقدامات ناگزیر ہیں اور ان حالات میں صورتحال کو معمول پر لانے تک گھروں میں بڑی تعداد میں لوگوں کا ایک جگہ رہنا نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے اسی لئے گنجان آبادی والے علاقو ںمیں معائنوں کے عمل کو تیز کرنے کے علاوہ مریضوں کو قرنطینہ کیا جانا چاہئے تاکہ مریض ‘دوسروں کو متاثر نہ کرسکیں۔ بغیر علامتوں کے مریضوں کی بڑی تعداد نے دنیا کے کئی ممالک میں معائنوں کو تیز کرنے کے علاوہ معائنوں میں مریضوں کو قرنطینہ کرنے اور محفوظ کرنے کے ساتھ متاثرہ مریضوں سے دیگر صحت مند شہریوں کو محفوظ کرنے کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اب جبکہ ہوا میں کورونا وائرس کی توثیق کی جانے لگی ہیں تو معائنوں میں فوری اضافہ کرکے شہریوں کو محفوظ کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے اور جن علاقو ںمیں گنجان آبادیاں ہیں ان میں معائنوں کے عمل کو تیز کرکے بڑی تعداد میں لوگوں کو متاثر ہونے سے بچایا جاسکتا ہے اسی طرح جو شہری اپنی حفاظت کے اہل ہیں وہ اپنے طور پر حفاظت کو یقینی بنانے اقدامات کریں کیونکہ ہوا میں کورونا کی توثیق کے بعد حالات مزید سنگین ہونے کے اندیشے ہیں ۔ شہری علاقوں اور اپارٹمنٹس میں رہنے والوں کو ایک جگہ جمع ہونے سے روکنا اور گھر تک محدود کرنا ضروری ہے۔