کورونا ٹسٹ بڑھانے پر غور، منگل کو پی ایم ۔ چیف منسٹرز میٹنگ

   

ہاسپٹل بیڈز میں اضافے کا بھی منصوبہ ۔ ہندوستان کی کورونا اموات کا دنیا میں 9 واں نمبر
کورونا وائرس کے متاثرین 10 یوم میں 2 سے 3 لاکھ ہوگئے

نئی دہلی ، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی کورونا وائرس سے اموات ہفتہ کو 9,000 کے نشانہ سے متجاوز ہوگئیں جو ملک کیلئے عالمی سطح پر 9 واں نمبر ہے۔ مجموعی متاثرین کے اعتبار سے انڈیا پہلے ہی چوتھے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔ نیز ہندوستانی متاثرین محض 10 یوم میں 2 لاکھ سے 3 لاکھ ہوچکے ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ کووِڈ۔ 19 سے صحت یاب ہوجانے والے ہندوستانیوں کی شرح تقریباً 50 فیصد ہے۔ بہرحال مجموعی تناظر میں وزیراعظم نریندر مودی نے ان مختلف اقدامات کا آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا، جو زیادہ کورونا معاملوں والے علاقوں میں اس وائرس پر قابو پانے کیلئے کئے جارہے ہیں۔ انھوں نے موجودہ صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کے عملی خاکہ پر غور بھی کیا۔ آئندہ ہفتے وزیراعظم تمام ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے چیف منسٹرز کے ساتھ دو روزہ ویڈیو لنک میٹنگ منعقد کرنے والے ہیں۔ دفتر وزیراعظم نے ایک بیان میں بتایا کہ بالخصوص بڑی تعداد میں انفکشن والے بڑے شہروں کو درپیش چیلنجوں کے ملحوظ رکھتے ہوئے وزیراعظم نے آج کی میٹنگ میں ٹسٹنگ کے ساتھ ساتھ ہاسپٹل بیڈز کو بڑھانے

اور طبی خدمات کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی۔ بعد میں وزیراعظم نے ٹوئٹ میں کہا کہ انھوں نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران سارے ملک کی کووڈ۔ 19 صورتحال کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر صحت ہرش وردھن، پرنسپال سکریٹری (پی ایم) پی کے مشرا، معتمد کابینہ راجیو گوبا، ہیلت سکریٹری، آئی سی ایم آر ڈائریکٹر جنرل اور مختلف بااختیار گروپوں کے نمائندے شریک ہوئے۔ صبح میں وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انڈیا کی کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 3 لاکھ کے نشانہ کو عبور کرگئی جبکہ ایک روز میں ریکارڈ 11,458 انفکشن کا اضافہ درج ہوا ہے۔ مزید 386 اموات کے ساتھ جملہ جانی نقصان 8,884 ہوچکا ہے۔ ماہ جون تاحال کورونا وائرس کی صورتحال کے اعتبار سے ملک کیلئے بھاری پڑا ہے، جیسا کہ گزشتہ محض 10 یوم میں مجموعی کورونا مریض 2 لاکھ سے 3 لاکھ تک پہنچ گئے۔ چنانچہ وزیراعظم ملک میں کورونا کیسوں میں اضافے کے پس منظر میں منگل 16 جون اور چہارشنبہ 17 جون کو چیف منسٹروں اور مرکزی علاقوں کے نمائندوں کے ساتھ ورچول میٹنگس منعقد کریں گے۔ اس ضمن میں ریاستوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کا یہ مشاورت کا چھٹا دور ہوگا۔ آخری مرتبہ 11 مئی کو ہوا تھا۔