کورونا ٹسٹ میں آندھراپردیش کو سبقت

   

حیدرآباد: تلنگانہ کورونا ٹسٹوں کے معاملہ میں پڑوسی آندھر اپردیش سے کافی پیچھے ہے۔ آندھراپردیش میں 10 لاکھ سے زائد کورونا ٹسٹ کئے گئے اور کورونا پھیلاؤ پر قابو پانے میں حکومت کو مدد ملی جبکہ تلنگانہ میں کیسوں میں اضافہ کے باوجود ٹسٹوں کی تعداد کافی کم ہے۔ اے پی میں 10 لاکھ 17 ہز ار 123 ٹسٹ کئے گئے جبکہ تلنگانہ میں اتوار تک ایک لاکھ 15 ہزار 835 ٹسٹ کئے گئے ۔ 13 خانگی لیابس کو کورونا ٹسٹ کی اجازت تھی لیکن بے قاعدگیوں کے سبب ٹسٹوں کو روک دیا گیا جس سے روزانہ کورونا ٹسٹوں کی تعداد میں کمی آئی ۔ محکمہ صحت نے روزانہ 10,000 ٹسٹ کی صلاحیت میں اضافہ کا اعلان کیا لیکن خانگی لیابس میں ٹسٹ کی اجازت منسوخ کرنے سے یہ کام متاثر ہوا ۔ آندھراپردیش میں پازیٹیو مریض کے ساتھ ربط میں آنے والوں کا ٹسٹ کیا جارہا ہے جبکہ تلنگانہ میں اس کا آغاز نہیں ہوا۔ تلنگانہ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ٹسٹوں میں اضافہ مسئلہ کا حل نہیں ہے کیونکہ اگر کسی کو ٹسٹ کا نتیجہ منفی آئے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ آئندہ بھی کورونا سے متاثر نہیں ہوگا۔ کورونا جاری ہے ، لہذا کوئی بھی اس سے متاثر ہوسکتا ہے۔