ملازمین کو خصوصی ٹریننگ، پرائمری ہیلت سنٹرس میں کولڈ اسٹوریج کا قیام
حیدرآباد: تلنگانہ میں جنوری سے کورونا ویکسن کی ٹیکہ اندازی کے سلسلہ میں 8 سرکاری محکمہ جات متحرک ہوچکے ہیں۔ محکمہ صحت کے علاوہ 7 دیگر محکمہ جات نے ایکشن پلان تیار کیا ہے تاکہ ٹیکہ اندازی کا مرحلہ بہتر طور پر مکمل کیا جاسکے۔ محکمہ صحت کے علاوہ محکمہ جات ، تعلیم ، ریونیو ، پنچایت راج الیکٹرسٹی ، ہوم اور بلدی نظم و نسق کے ملازمین اور عہدیداروں کی خدمات حاصل کی جارہی ہے ۔ ٹیکہ اندازی کی تربیت کے علاوہ انہیں احتیاطی تدابیر سے واقف کرایا جارہا ہے۔ گزشتہ دنوں برطانیہ میں نئے وائرس کے منظر عام پر آنے کے بعد سے محکمہ صحت نے ٹیکہ اندازی کی تربیت کے علاوہ نئے وائرس کی علامات سے عہدیداروں اور ملازمین کو واقف کرایا ہے تاکہ ٹیکہ اندازی کے موقع پر صحت پر نظر رکھی جاسکے۔ محکمہ بہبودیٔ خواتین و اطفال سے والینٹرس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ محکمہ تعلیم سے اسکولوں کی عمارتوں کی نشاندہی کا کام لیا جارہا ہے جہاں بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں۔ پرائمری ہیلت سنٹرس اور دیگر عمارتوں میں برقی کی بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ویکسن کے کولڈ اسٹوریج رکھے جاسکیں۔ ویکسن کے تحفظ کے لئے مخصوص درجہ حرارت تک کولڈ اسٹوریج کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ پولیس ، بلدی نظم و نسق اور محکمہ صحت کے فرنٹ لائین ورکرس کی فہرست تیار کی جارہی ہے تاکہ پہلے مرحلہ میں ٹیکہ اندازی کی جاسکے ۔ ٹیکہ اندازی مراکز پر امن و ضبط کے انتظامات کیلئے پولیس کی خدمات حاصل کی جائے گی تاکہ کولڈ اسٹوریج محفوظ رہیں۔ حکومت نے ہوم گارڈس کی خدمات فراہم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کا مرحلہ میں ہزاروں کی تعداد میں ورکرس کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ پہلے مرحلہ میں 80 لاکھ افراد کا احاطہ کیا جائے گا۔ ٹیکہ اندازی کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے لئے ریاستی اور ضلعی سطح پر ٹاسک فورس تشکیل دیئے گئے ہیں۔ نئے مہلک وائرس کے منظر عام پر آنے کے بعد حکام نے ٹیکہ اندازی کو انتہائی احتیاط کے ساتھ انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کورونا کے علاوہ نئے وائرس کے اثرات کا پتہ چلایا جاسکے۔