ٹسٹوں میں اضافہ اور علاج کی سہولتیں بہتر بنائی جائیں، ماسک کا استعمال لازمی، مذہبی اجتماعات اور جلوسوں پر پابندی
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج ضلع کلکٹرس اور سینئر عہدیداروں کے ساتھ کورونا وبا سے نمٹنے کے اقدامات پر ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ 2 گھنٹوں تک جاری رہی ویڈیو کانفرنس میں چیف سکریٹری نے کورونا سے نمٹنے کیلئے مختلف ہدایات جاری کیں جس میں ٹسٹنگ، کورونا پازیٹیو کیسس کا پتہ چلانا، مریضوں کے علاج ، ٹیکہ اندازی اور کوویڈ گائیڈ لائنس پر عمل آوری شامل ہیں۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کریں اور انہیں موجودہ تعداد سے دگنا کیا جائے۔ روزانہ ٹسٹوں میں اضافہ کے ذریعہ حقیقی تعداد کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹسٹوں میں اضافہ کے نتیجہ میں کورونا کا قبل از وقت پتہ چلانے میں مدد ملے گی اور پازیٹیو کیسس کے آئسولیشن کے اقدامات کئے جاسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت پتہ چلاتے ہوئے مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرض کا پتہ چلنے کے بعد علاج کا بروقت آغاز ممکن ہے جس کے ذریعہ کیسس کو سنگین صورتحال اختیار کرنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ کلکٹرس سے کہا گیا کہ وہ ہفتہ کے آخری ایام اور تعطیلات کے دوران ٹسٹوں کی تعداد میں کمی نہ کریں اور عام دنوں کی طرح ٹسٹوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ٹسٹنگ ایپ کا استعمال کرتے ہوئے ہر پازیٹیو کیس کا پتہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کی ٹسٹنگ گائیڈ لائنس پر عمل کیا جائے۔ ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ کے علاوہ آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کی تجویز پیش کی گئی۔ چیف سکریٹری نے ڈاکٹرس کی جانب سے ٹسٹنگ مراکز پر عوام کی کونسلنگ کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ہوم آئسولیشن کیلئے فٹ پائے جانے والے افراد کو ضروری ادویات پر مشتمل کِٹ حوالے کرنے کی ہدایت دی۔ ہوم آئسولیشن میں موجود افراد کی باقاعدہ دوروں اور ٹیلی کالنگ کے ذریعہ نگرانی کی جائے۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ کوویڈ ٹیکہ اندازی میں اضافہ کریں۔ 45 سال سے زائد عمر کے افراد کو سرکاری ویکسنیشن سنٹرس پر ٹیکہ اندازی کا اہتمام کیا جائے۔ حکومت نے تمام پرائمری ہیلت سنٹرس میں یہ سہولت فراہم کی ہے۔ انہوں نے ٹیکہ اندازی مراکز کے بارے میں عوام کو باخبر کرنے کی ہدایت دی۔ پرائمری ہیلت سنٹر میں کم از کم 100 افراد ، ایریا ہاسپٹل میں 200 اور ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں 300 افراد کو ٹیکہ اندازی کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ ریاست میں روزانہ ٹیکہ اندازی کی تعداد موجودہ 50 ہزار سے بڑھ کر 1.20 لاکھ ہوجائے۔ کلکٹرس نے چیف سکریٹری کو کورونا کیر سنٹرس کے قیام اور ضلع میں علاج کی سہولتوں سے واقف کرایا۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو کہا کہ وہ گورنمنٹ کوویڈ ہاسپٹلس میں متعلقہ سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیں اور آکسیجن اور ضروری ادویات کی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ چیف سکریٹری نے جی او 68 مورخہ 27 مارچ پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی جس میں عوامی مقامات پر ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 27 مارچ کو جاری کردہ جی او 69 پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی جس میں مذہبی اجتماعات اور جلوسوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ویڈیو کانفرنس کے دوران چیف سکریٹری نے ہر ایک کلکٹر سے انفرادی طور پر بات چیت کی اور اضلاع میں ایکشن پلان پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ سکریٹری ہیلت، ڈائرکٹر ڈرگ کنٹرول اڈمنسٹریشن اور دیگر عہدیدار ویڈیو کانفرنس میں شریک تھے۔ ضلع کلکٹرس کے علاوہ ایڈیشنل کلکٹرس اور محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔ سکریٹری ہیلت مرتضی علی رضوی، سکریٹری رورل ڈیولپمنٹ راہول بوجا اور دیگر عہدیدار چیف سکریٹری کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں شریک تھے۔