کورونا کا خوف، سرپنچ بیٹے نے اپنی ماں کو گائوں میں داخلے سے روک دیا

   

حیدرآباد۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) کورونا وائرس کا خطرہ اس قدر عوام پر چھایا ہوا ہے کہ بعض مواقع پر خونی رشتوں کا بھی لحاظ نہیں رکھا جارہا ہے۔ دیہی علاقوں میں عوام نے اپنے مواضعات کی سرحدوں کو بیرونی افراد کے لیے بند کردیا ہے۔ گائوں سے کسی کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں اور نہ ہی کوئی باہر کا شخص گائوں میں داخل ہوسکتا ہے۔ گائوں کے حدود کی عملاً ناکہ بندی کرتے ہوئے عوام خود کو کورونا وائرس سے بچنے کی تدابیر کررہے ہیں۔ سنگاریڈی میں کورونا وائرس کے خوف کا ایک منفرد معاملہ منظر عام پر آیا جہاں ایک شخص نے باہر سے آنے والی اپنی ماں کو گائوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ بتایا جاتا ہے کہ سنگاریڈی کے ایک گائوں کے سرپنچ نے دوسرے گائوں سے اپنے آبائی گائوں آنے والی ماں کو بھی داخلے کی اجازت نہیں دی۔ سداپور منڈل کے گویاسائی پلی کے سرپنچ سائی گوڑ کی ماں تلسماں اپنے رشتہ داروں کے مکان گئی تھی اور وہ 13 اپریل کو اپنے آبائی گائوں واپس ہوئی۔ گائوں والوں نے انہیں روک دیا۔ اس واقعہ کی اطلاع سرپنچ کو دی گئی۔ سرپنچ نے کہا کہ شرائط ہر کسی کے لیے یکساں ہیں لہٰذا وہ ماں کو بھی گائوں میں داخلے کی اجازت نہیں دیں گے۔ خاتون کو دوبارہ اسی مقام واپس ہونے کی ہدایت دی گئی جہاں سے وہ آئی تھی۔ اس صورتحال سے بے بس تلسماں اپنے رشتہ داروں کے پاس واپس ہوگئی۔