کورونا : کوئی نیا لاک ڈاؤن نہیں

,

   

یکم ؍ ڈسمبر سے مرکز کے نئے رہنمایانہ خطوط، رات کا کرفیو ریاستوں کا اختیار

نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے کوروناوائرس کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ تہوار کے دوران عام مقامات پر بڑھتے ہجوم کے باعث کوویڈ کے کیسوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس کے باوجود کوئی نیا لاک ڈاؤن نافذ نہیں کیا جائے گا۔ نئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق مرکز نے ریاستی حکومتوں کو رات کا کرفیو نافذ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ جلسہ، جلوسوں کیلئے کم از کم 100 افراد کی اجازت ہوگی۔ ماسک نہ پہننے پر جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ مرکز کی منظوری کے بعد ہی مقامی سطح پر لاک ڈاؤن نافذ کرنے کیلئے احکامات جاری کئے جائیں۔ ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کیلئے لازمی ہوگا کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد سخت اقدامات کریں۔ ریاستوں کو اپنی سرحدیں بند کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ بین ریاستی حمل و نقل پر پابندی نہیں ہوگی۔ گھر گھر جانچ میں شدت پیدا کی جائے گی اس کیلئے ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے۔ تشکیل کیلئے مقررہ پروٹوکول پر عمل کیا جائے گا۔ سماجی دوری برقرار رکھنے، مارکٹوں میں ہجوم سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ یکم ؍ ڈسمبر سے 31 ڈسمبر تک ان رہنمایانہ خطوط پر عمل کیا جائے گا۔ کنٹونمنٹ زونس میں صرف ضروری سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ ضلع حکام کو ہدایت دی گئی ہیکہ وہ کنٹونمنٹ زونس پر کڑی نظر رکھیں۔ عوام میں کوویڈ۔19 کے تعلق سے بیداری پیدا کریں۔ 65 سال سے زائد عمر کے افراد اور 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو گھر میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ عوام الناس سے کہا گیا ہیکہ وہ آروگیہ سیتو موبائیل اپلیکیشن کا استعمال کریں۔ جو افراد پازیٹیو پائے جائیں، ان تمام کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے انہیں کم از کم 14 دن کیلئے کورنٹائن کیا جائے۔ کوویڈ۔19 سے متاثرہ افراد کا فوری علاج کیلئے دواخانوں کو تیار رکھا جائے۔ گھروں میں بھی علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ بفرزونس میں موبائیل یونٹس اور فیور کلینکس قائم کئے جائیں۔