کورونا کی تبدیل شدہ شکل 12 سے 18 سال کی عمر والوں کیلئے خطرناک : وزارت صحت

   

ریاض : سعودی عرب کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہیکہ کورونا کی ایک تبدیل شدہ شکل 12۔18 سال کی عمر والے افراد کیلئے زیادہ خطرناک ہوسکتی ہے۔ وزارت صحت نے مشورہ دیا ہیکہ شہری تبدیل شدہ وائرس سے بچنے کیلئے ویکسین لگوائیں کیونکہ مطالعہ سے ثابت ہوا ہیکہ ویکسین محفوظ ہے اور اس عمر کے گروپ کیلئے کارآمد ہے۔وزارت نے ٹویٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ایک ٹوئیٹ میں انکشاف کیا مملکت میں ہونے والے سروے کے نتائج سے معلوم ہوا ہیکہ 12 سے 18 سال عمر کے افراد جو وائرس (کوویڈ۔19) میں مبتلا تھے، میں سے 99 فیصد مریضوں کو ویکسین نہیں ملی تھی۔ سعودی عرب میں ویکسینشن کا عمل شروع ہونے کے بعد 28 ڈسمبر 2020 سے 7 جون 2021 تک عمر کے اس طبقے کے افراد کو ویکسین نہیں لگائی گئی مگر اب بڑے پیمانے پر ویکسین دی جا رہی ہے۔وزارت نے پچھلے 24گھنٹوں کے دوران مملکت میں کورونا واقعات کے ایسے کیسز کا اعلان کیا ہے جو وبا کی ایک تبدیل شدہ شکل سے متاثر ہیں۔ 24گھنٹوں کے دوران 1534 نئے مریضوں کی شناخت کی گئی جبکہ 1487 صحت یاب ہوگئے۔مملکت میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 12174 ہے۔