کورونا کی نئی لہر ہندوستان کیلئے خطرناک نہیں

   


اجتماعی قوت مدافعت سے حالات سنگین ہونے کے امکانات موہوم

حیدرآباد۔26۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ہندوستانی شہریوں کے لئے کورونا وائرس کی نئی لہر چین کی طرح خطرناک ثابت ہونے کے امکانات نہیں ہیں کیونکہ ہندوستانی شہریوں میں اجتماعی قوت مدافعت پیدا ہوچکی ہے اسی لئے حالات سنگین ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔ سی سی ایم بی کے سائنسدانوں کا کہناہے کہ ہندستان میں کورونا وائرس کی تین لہروں کے دوران بیشتر شہری خودکار قوت مدافعت کے حامل ہوچکے ہیں اور تیسری لہر کے دوران کورونا وائرس کی جو قسم دنیا بھر میں تشویش کا باعث بنی ہوئی تھی وہ اومی کرون رہی لیکن اومی کرون کی لہر کے دوران ہندوستانی شہریوں کو تشویشناک صورتحال کا سامنا کرنا نہیں پڑا تھا اور اب جو BF.7نامی قسم جو کورونا وائرس کی جاری ہے وہ بھی ہندوستانی شہریوں کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہونے کے امکانات نہیں ہیں بلکہ شہریوں کی قوت مدافعت کے سبب وہ اس کا شکار ہونے کے باوجود جلد صحت یاب ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ڈائریکٹر سنٹر فار سیلولر اینڈ مالیوکیولر بائیولوجی ونئے کے نندی کوری نے بتایا کہ کورونا وائرس کی جو نئی اقسام آئیں گی وہ قوت مدافعت ہونے کے باوجود حملہ آور ہوسکتی ہیں اسی لئے مریضوں کو غفلت کا شکار ہونے کے بجائے انہیں چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ تین لہروں کے دوران ہندوستانی شہریوں میں پیدا ہونے والی اجتماعی قوت مدافعت کے سبب وہ سنگین حالات کا شکار ہونے سے محفوظ رہیں گے لیکن اس کے باوجود کورونا وائرس کا شکار ہونے سے محفوظ رہنے کے لئے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ سی سی ایم بی سائنسدانوں کی جانب سے کی گئی تحقیق کے دوران اس بات کا انکشاف بھی ہوا ہے کہ اگر BF.7 قوت مدافعت رکھنے والے شہریوں کی حالت کو تشویشناک حالت کا شکار بناتی ہے تو ایسی صورت میں انہیں سخت احتیاط کی ضرورت ہوگی۔ سائنسدانوں کا کہناہے کہ ہندوستانی شہریوں میں پائی جانے والی قوت مدافعت کی بنیادی وجہ ہندوستان میں ڈیلٹا وائرس کے سبب آئی تباہی ہے جو کہ سب سے سنگین رہی ہے لیکن اس کے باوجود اس خطرناک قسم کا ہندوستانی شہریوں نے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کی احتیاط کے علاوہ اپنی قوت مدافعت سے مقابلہ کیا جس کے نتیجہ میں ان کی قوت مدافعت مزید مستحکم ہوچکی ہے اسی لئے اب جو قسم کا تذکرہ کیا جا رہاہے وہ ہندوستانی شہریوں کیلئے خطرناک ثابت نہیں ہوسکتی اور نہ ہی چین جیسے حالات ہندوستان میں پیدا ہونے کے خدشات ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت کی جانب سے مکمل طور پر کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان پر عمل آوری ناگزیر ہے۔