کورونا کے باوجود دہشت گردی برقرار: انڈیا

   

نیویارک : کورونا وائرس وباء کے باوجود بعض ممالک دہشت گردی کو سرحد پار پہنچانے سے گریزاں نہیں ہیں اور وہ اب بھی مذہبی منافرت پھیلا رہے ہیں۔ ہندوستان نے اقوام متحدہ میں یہ بات کہی جو ظاہری طور پر پاکستان کا حوالہ ہے۔ انڈیا نے دعویٰ کیا کہ اقوام متحدہ کو فیصلہ کن آواز اُٹھانا چاہئے اور دہشت گردی کو کسی بھی طرح حق بجانب قرار نہیں دیا جاسکتا چاہے حالات کچھ بھی ہوں۔ اقوام متحدہ کیلئے مستقل ہندوستانی نمائندہ سفیر ٹی ایس تریمورتی نے گزشتہ روز کہا کہ ہندوستان مذہبی بنیادوں پر دنیا میں کہیں بھی تمام اقسام کے امتیاز کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کسی ملک کا نام لئے بغیر کہا کہ آج کی دنیا میں اب بھی ہم ایسے ممالک سے گھرے ہیں جو عالمی وباء کے باوجود انتشار پسند سیاست اور نفرت پھیلاتے ہیں ۔ انہوں نے تمام ممالک سے مذہب کی اساس پر دنیا کو تقسیم کرنے سے روکنے کے اقدامات کی اپیل کی۔