کورونا کے دوران بھی 40 لاکھ زائرین نے عمرہ ادا کیا

,

   

مکہ مکرمہ ۔ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے عمرہ پر عائد پابندی اٹھائے جانے کے بعد سے اب تک مسجد الحرم میں 40 لاکھ افراد کی تھرمل اسکینگ کی گئی۔ ادارہ امورحرمین شریفین کے تحت مسجد الحرام میںکورونا ایس او پیزکے تحت مختلف مقامات پر25 تھرمل کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے مقررکی جانے والی احتیاطی تدابیر کے تحت زائرین کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنا اہم ہے تاکہ بیمارافراد کو عام لوگوں سے جدا کیا جاسکے۔ مسجد الحرام میں شعبہ ماحولیات کے ڈائریکٹر حسن السویھری نے کہا حرم شریف میں100کارکنوں کو تھرمل کیمروں کے استعمال کی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ تھرمل کیمروں کے ذریعے لوگوں کے جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کیا جاتا ہے۔ انتہائی حساس کیمرے چھ میٹر کی دوری سے جسمانی درجہ حرارت کونوٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کیمروں کی مانیٹرنگ اسکرین پرمختلف رنگوں کے ذریعے جسمانی درجہ حرارت کو ظاہر کیا جاتا ہے۔ ایسے افراد جن پر کورونا وائرس کا گمان ہو انہیں فوری طور پر دوسرے لوگوں سے جدا کردیا جاتا ہے۔ڈائریکٹر شعبہ ماحولیات نے مزید کہا کہ مسجدالحرام کے داخلی دروازوں میں سماجی فاصلے کے اصول کو یقینی بنانے کے لئے اضافی لائنیں بنائی گئی ہیں جن پر فاصلے کے نشانات بھی وضع کئے گئے ہیں تاکہ آنے والے احتیاطی تدابیر پرعمل کرسکیں۔ واضح رہے وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیرکے تحت سماجی فاصلے کے اصول کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں تیزی سے منتقل ہوتا ہے، اس سے بچنے کے لئے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرنا ازحد ضروری ہے۔