کورونا کے قہر میں شدت، 2256 نئے پازیٹیو کیس‘14 اموات

,

   

مریضوں کی تعداد77 ہزار سے تجاوز، اضلاع کے کیسوں میں اضافہ باعث تشویش
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کا قہر دوبارہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ گذشتہ تین دنوں میں روزانہ 2000 سے زائد کیسس درج کئے جارہے ہیں۔ اسی طرح اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اگرچہ گریٹر حیدرآباد حدود میں پازیٹیو کیسوں کی تعداد میں کمی آئی ہے لیکن اضلاع میں کیسوں میں اضافہ عوام اور حکومت کیلئے تشویش کا باعث بنتا جارہا ہے۔ نیم شہری و دیہی علاقوں میں کورونا کیسس میں اضافہ کے نتیجہ میں حکومت کو ضلعی سطح پر علاج کی سہولتوں پر توجہ دینی ہوگی۔ کئی اضلاع کے کلکٹرس نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ ضلع ہاسپٹلس میں آکسیجن سے مربوط بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ مریضوں کو حیدرآباد جانے کی زحمت نہ ہو۔ جمعرات اور جمعہ کے دوران ریاست میں کورونا کے 2256 نئے پازیٹیو کیسس منظر عام پر آئے جبکہ 14 اموات واقع ہوئی ہیں۔ ریاست میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 615 ہوچکی ہے جبکہ پازیٹیو کیسس 77513 ہوگئے۔ ان میں ایکٹیو کیسس کی تعداد 22568 ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران 1091 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 54330 ہوگئی۔ تلنگانہ میں مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح 70 فیصد ہے جبکہ قومی شرح 67.98 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جمرات اور جمعہ کے درمیان 23322 ٹسٹ کئے گئے جن میں سے 1596 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ ریاست بھر میں ابھی تک 5 لاکھ 90 ہزار 306 ٹسٹ کئے جاچکے ہیں۔ نئے مریضوں میں 21 تا 50 سال عمر کے افراد کی تعداد بدستور زیادہ بنی ہوئی ہے جبکہ 70 سال سے زائد کے افراد میں کورونا کا پھیلاؤ کم دیکھا گیا۔ عورتوں کے مقابلہ مَردوں میں کیسس کی تعداد تقریباً دوگنی ہے۔ حکومت نے سرکاری سطح پر آئی سی یو، آکسیجن اور جنرل بیڈز کی تعداد 20396 بتائی ہے جن میں سے 17854 بستر خالی ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں گریٹر حیدرآباد میں کورونا پازیٹیو کیسس کی تعداد 464 درج کی گئی جبکہ اضلاع میں ورنگل (اربن) ، کریم نگر، کاماریڈی، کھمم ، ملکاجگری، نظام آباد، پداپلی، سرسلہ ، رنگاریڈی، سنگاریڈی، سدی پیٹ میں کورونا کے کیسس میں اضافہ درج کیا گیا۔ کتہ گوڑم 79 ، جگتیال 49 ، بھوپال پلی 38 ، گدوال 95 ، کاماریڈی 76 ، کریم نگر 101 ، کھمم 69 ، محبوب نگر 45 ، منچریال 44، ملکاجگری 138 ، نلگنڈہ 61 ، نظام آباد 74 ، پداپلی 84 ، سرسلہ 78 ، رنگاریڈی 181 ، سنگاریڈی 92 ، سدی پیٹ 63 اور سوریا پیٹ میں 25 نئے کیس درج کئے گئے۔