کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے پلازما ڈونرس کی تلاش

   

سوشیل میڈیا پر رشتہ داروں کی اپیلیں، پلازما بینک کے قیام کی تجویز
حیدرآباد۔ شہر میں کورونا کے مریضوں میں روز افزوں اضافہ کو دیکھتے ہوئے مریضوں کے رشتہ داروں نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ پلازما ڈونرس کی تلاش شروع کردی ہے تاکہ مریض جلد صحت یاب ہوسکیں۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ مریضوں کے افراد خاندان مریض کے بلڈ گروپ، نام اور ہاسپٹل کی تفصیلات کے ساتھ پلازما ڈونرس سے رجوع ہونے کی اپیل کررہے ہیں۔ کورونا کے مریض پلازما تھراپی کے ذریعہ تیزی سے صحت یاب ہوسکتے ہیں اور اس سلسلہ میں نئی دہلی اور دیگر مقامات پر کامیاب تجربہ کیا گیا۔ سوشیل میڈیا میں کئی اپیلیں دیکھی جارہی ہیں جن میں پلازما کی فوری ضرورت کے علاوہ اس بات کی وضاحت کی گئی کہ اندرون 24 دن پلازما ڈونر کا کورونا ٹسٹ منفی ہونا چاہیئے۔ بعض اپیلوں میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد سے پلازما کے عطیہ کی اپیل کی گئی ہے۔ ایک خانگی ہاسپٹل کے ایک مریض کے رشتہ دار نے لکھا کہ ان کی ماں وینٹلیٹر پر ہے لہذا فوری پلازما ڈونر کی ضرورت ہے۔ اس طرح کے پیامات سوشیل میڈیا میں دن بہ دن بڑھتے جارہے ہیں۔ کورونا مریضوں کے رشتہ داروں کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ پلازما سنٹر قائم کرے جس طرح کہ بلڈ بینک قائم رہتا ہے۔ اس سنٹر میں پلازما ڈونرس کے پلازما کو محفوظ کیا جائے اور بلڈ گروپ کے حساب سے ضرورت مندوں کو دیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض مریضوں کو پلازما تھراپی سے فائدہ ہوا ہے۔ نئی دہلی میں پلازما بینک قائم کیا گیا اسی طرح کا تجربہ تلنگانہ میں کیا جانا چاہیئے۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد اور مسلسل 14 دن تک علامتوں سے پاک افراد کا پلازما حاصل کیا جاتا ہے۔