کورونا کے مریضوں کے علاج کے دوران ڈاکٹرز کی انوکھی منگنی

   

قاہرہ۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) دنیا بھر میں پھیلی کورونا وائرس کی وبا کے باعث اگرچہ شادی کی تقریبات ملتوی کردی گئی ہیں، تاہم اس باوجود دنیا بھر میں لوگ محدود افراد کی موجودگی میں شادی کر رہے ہیں اور ساتھ ہی آن لائن شادیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔تاہم مشرق وسطیٰ کے ملک مصر میں کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے دو ڈاکٹرز نے وبا کے دنوں میں منگنی کرکے نہ صرف مریضوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیریں بلکہ ان کی منگنی کی تصاویر دنیا بھر میں وائرل ہوگئیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مصر کی خاتون ڈاکٹر کورونا کے مرد مریض کا علاج کرتے کرتے ساتھی ڈاکٹر کی محبت میں نہ صرف گرفتار ہوئیں بلکہ ان سے منگنی بھی کر ڈالی۔تاہم حقیقت میں ایسا نہیں بلکہ وہ دونوں ہی ڈاکٹرز ہیں اور کافی عرصے سے ایک ہی دواخانہ میں ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہے تھے اور دونوں کے درمیان پہلے سے ہی تعلقات تھے۔مصر کے عرب نشریاتی ادارے الخبر الجدید کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر خاتون ڈاکٹر اور کورونا کے مریض کی نہیں بلکہ ایک ہی دواخانہ کے ڈاکٹرز کی ہیں، جنہوں نے منفرد انداز میں نہ صرف منگنی کی بلکہ اپنی منگنی کو یادگار بنانے کے لیے انہوں نے فوٹوگرافی بھی کروائی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے کے بعد جب معاملے کی تحقیق کی گئی تو پتہ چلا کہ منگنی کرنے والے دونوں افراد ایک ہی دواخانہ کے ڈاکٹرز ہیں۔