کوریو گرافر جانی ماسٹر کا قومی ایوارڈ روک دیا گیا

   

حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلگو فلم انڈسٹری کے مشہور کوریو گرافر جانی ماسٹر کو نیشنل فلم ایوارڈ کمیٹی نے قومی ایوارڈ سے محروم کردیا ہے۔ جانی ماسٹر کو بیسٹ کوریو گرافی برائے2022 کیلئے منتخب کیا گیا تھا اور وہ ایوارڈ تقریب میں شرکت کرنے والے تھے۔ مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت فلم ایوارڈ کمیٹی نے جانی ماسٹر کے خلاف جنسی ہراسانی کے مقدمہ کے پیش نظر قومی ایوارڈ کی ادائیگی کو معطل کردیا ہے۔ کمیٹی نے جانی ماسٹر کو جاری کردہ دعوت نامہ واپس لے لیا۔ واضح رہے کہ ایک خاتون کوریو گرافر نے جانی ماسٹر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا اور انہیں گرفتار کیا گیا۔ رنگاریڈی کی مقامی عدالت نے جانی ماسٹر کو ایوارڈ تقریب میں شرکت کیلئے پانچ دن کی ضمانت منظور کی تھی لیکن قومی ایوارڈ کمیٹی نے شیخ جانی باشاہ عرف جانی ماسٹر کے ایوارڈ کو معطل رکھنے کا فیصلہ کیا۔ ایوارڈ تقریب 8 اکٹوبر کو نئی دہلی میں مقرر ہے۔ قومی کمیٹی کے فیصلہ نے جانی ماسٹر کو مایوس کردیا ہے۔1