کولکتہ کو آج چھوٹے میدان میں ممبئی کا بڑا چیلنج

   

ابوظہبی۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرزکی ٹیم جمعہ کو مضبوط ممبئی انڈینز کے خلاف آئی پی ایل میچ میں واپسی کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی جبکہ ممبئی کا مقصد پلے آف کے لئے اپنے موقف کو مستحکم کرنا ہوگا۔ممبئی سات میچوں میں پانچ فتوحات اور10 پوائنٹس کے ساتھ ٹیموں کے جدول میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ کولکتہ سات میچوں میں چار جیت اور آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔روہت شرما کی زیر قیادت ممبئی اس ٹورنمنٹ میں مستقل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اور اس نے اپنے آخری میچ میں دہلی کیپیٹلزکو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔دوسری جانب کولکاتہ کو اپنے گذشتہ مقابلے میں شارجہ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف82 رنزکی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کولکاتہ کو اپنی بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تبھی وہ ممبئی جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف واپسی کرسکیں گے ۔ان دونوں نے 23 ستمبر کو ابوظہبی میں آئی پی ایل میں آمنا سامنا کیا تھا جہاں ممبئی 49 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ اس میچ میں ممبئی نے اپنے کپتان اور اوپنر روہت شرما کے 80 رنزکی عمدہ اننگز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ممبئی نے پانچ وکٹ پر 195 رنز بنانے کے بعد کولکتہ کو نو وکٹوں پر 146 رنز تک محدود رکھا تھا ۔ کولکتہ نے اس طرح شکست کے ساتھ ٹورنمنٹ کا آغاز کیا۔ روہت ایک بار پھر اس گراؤنڈ پر کولکتہ کے خلاف ایک بڑی اننگز کھیلنا چاہیں گے ۔ابوظہبی میں اپنے پچھلے میچ میں ممبئی نے کوئنٹن ڈی کوک(53) اورسوریہ کمار یادو (53) کی شاندار نصف سنچریوں کے ساتھ دہلی کیپیٹلزکو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ دہلی نے چار وکٹ پر 162 رنز کا مشکل اسکور بنایا جبکہ ممبئی نے 19.4 اوور میں پانچ وکٹ پر 166 رن بنائے ۔ آخری میچ میں روہت صرف پانچ رنز بناسکے تھے لیکن اس مرتبہ ان کا ہدف ٹیم کے لئے ایک بڑی اننگز کھیلنا ہوگا۔اس میچ میں فتح کے باوجود روہت نے کہا تھا کہ ان کی ٹیم کو ابھی بھی کئی شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے ۔ کولکتہ کو اپنے پچھلے میچ کی مایوس کن کارکردگی پر قابو پانا ہوگا۔ شارجہ کے چھوٹے گراؤنڈ پر بنگلور نے دو وکٹوں پر194 رنزکا مضبوط اسکورکیا تھا جبکہ کولکتہ صرف نو وکٹوں پر112 رن ہی بنا سکی۔ نوجوان اوپنر شبھمن گل کو چھوڑکر دوسرا کوئی بیٹسمین وکٹ پر ٹک ہی نہیں سکا ۔ گِل نے 34 رنز بنائے ، اس کے بعد آندرے رسل اور راہول ترپاٹھی نے فی کس16 رنز بنائے ۔آئی پی ایل میں ڈیبو کھلاڑی ٹام بینٹن آٹھ ، نتیش رانا نو ، ایون مورگن آٹھ اورکپتان دنیش کارتک صرف ایک رن بنا سکے ۔ کولکاتہ اس طرح کے بیٹنگ کے ساتھ ممبئی کی مضبوط بولنگ کے خلاف جیتنے کی امید نہیںکرسکتا ہے جس میں جسپریت بمراہ اور ٹرینٹ بولٹ جیسے بہترین فاسٹ بولر موجود ہیں۔کولکتہ کے کپتان کارتک نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ٹیم کو بیٹنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔ کارتک نے کہا کہ ہمیں بہت سی چیزوں میں اصلاح کرنی ہوگی ۔