کولکتہ کو اُمید باقی رکھنے آج چینائی کو شکست دینا ہوگا

   

دبئی ۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرزکو جمعرات کو آئی پی ایل میں اپنے اہم میچ میں چینائی سوپر کنگز سے محتاط رہنا ہوگا جب ہی ان کی پلے آف کی امیدیں باقی رہ پائیں گی۔کولکتہ اس وقت چھ فتوحات ، چھ شکست اور12 نشانات کے ساتھ ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے ۔چینائی کے خلاف جیت اسے پلے آف کی دہلیز پر پہنچا دے گی۔ تاہم پلے آف کو یقینی بنانے کے لئے کولکاتہ کو اپنے باقی دونوں میچ جیتنے ہوں گے ۔ کولکاتہ چینائی کے بعد راجستھان رائلز سے کھیلے گا۔ اگر کولکتہ دومیچوں میں میچ جیت جاتا ہے تو اس کے 14 نشانات ہوجائیں گے اور پھر اسے دیگر ٹیموں کے ساتھ 14 پوائنٹس پر نیٹ رن ریٹ کی پیچیدگی سے گزرنا پڑسکتا ہے ۔تقریبا پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے والی چینائی کی ٹیم مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں اب اپنے باقی دو میچوں میں دوسری ٹیموں کے کھیل کو بگاڑسکتی ہے ۔ چینائی نے اپنے پچھلے میچ میں ویراٹ کوہلی کی کپتانی میں رائل چیلنجرز بنگلورکو شکست دی تھی اور اب وہ کولکتہ کے لئے بھی پریشانی کا سبب بن سکتی ہے ۔دفاعی رنرز اپ چینائی 12 میچوں میں صرف چار فتوحات اور آٹھ نشانات کے ساتھ آٹھویں اورآخری نمبر پر ہے ۔ چینائی کے پاس اب گنوانے کے لئے کچھ نہیں ہے جبکہ اس کی کامیابی سے کولکتہ کا سفر مشکل ہوسکتا ہے ۔ چینائی کا باقی میچ اعزازکی جنگ ہے تاکہ ٹورنمنٹ کا اختتام کچھ بہتر موقف اور مقام کے ساتھ ہو۔ چینائی اپنا آخری میچ کولکتہ کے بعد کنگز الیون پنجاب کے خلاف کھیلے گا۔چینائی نے اپنے پچھلے میچ میں بنگلورکو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ بنگلور کو چھ وکٹوں پر 145 رنز پر روکنے کے بعد 18.4 اوور میں دو وکٹ پر 150 رن بنا کر آسان فتح حاصل کرلی تھی۔ اس جیت کے بعد دھونی نے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کو نتائج کی فکر کیے بغیر کھیل سے لطف اندوز ہونا چاہئے۔دھونی نے کہا کہ نتائج کی فکر کیے بغیر میچ کھیلیں ، بڑے شاٹس لگائیں اورکھیل سے لطف اٹھائیں۔ اگر آپ کھیل سے لطف اندوز نہیں ہورہے ہیں تو یہ بہت تکلیف دہ ہوجاتا ہے ۔ یہ واضح ہے کہ دھونی کولکاتا کے خلاف میچ میں بغیر کسی دباؤ کے کھیلیں گے اور جب کوئی ٹیم اس انداز میں کھیلتی ہے تو وہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے ۔دوسری جانب کولکاتہ کو اپنے گزشتہ میچ میں کنگز الیون پنجاب سے آٹھ وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔