کولکتہ، 19 اگست (ایجنسیز)کولکتہ کے نیو مارکیٹ علاقے میں فری اسکول اسٹریٹ پر واقع ایک ہوٹل میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 9 افراد ہلاک جبکہ 6 دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ رات تقریباً 2 بجے مرزا غالب اسٹریٹ کے قریب واقع ہوٹل میں لگی۔ ابتدائی طور پر ہوٹل سے دھواں اٹھتا دکھائی دیا، جس کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ حکام کے مطابق دھوئیں کی شدت کے باعث ہوٹل میں موجود متعدد افراد اندر ہی پھنس گئے تھے۔ فائر فائٹرز نے کارروائی کرتے ہوئے کئی افراد کو باہر نکالا۔ 9 افراد کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ رپورٹس کے مطابق مرنے والوں میں بعض بنگلہ دیشی شہری بھی شامل ہیں، جو علاج کی غرض سے کولکتہ آئے ہوئے تھے۔ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال سرکاری طور پر سامنے نہیں آسکی ہے۔ ابتدائی طور پر ہوٹل کے اے سی یونٹ میں خرابی یا ممکنہ دھماکے کو آگ لگنے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ نیو مارکیٹ تھانے کی پولیس بھی جائے وقوعہ پر موجود رہی۔
مغربی بنگال میں چند ہی دنوں کے دوران ہوٹل میں آتشزدگی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔
17 اگست کو بیر بھوم ضلع کے تاراپیٹھ میں ہوٹل ودیشینی میں آگ لگنے سے کم از کم 8 افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ 18 اگست کو کولکتہ ایئرپورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرول روم کی دوسری منزل پر بھی آگ لگ گئی تھی۔ فائر فائٹرز اور ایئرپورٹ حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا تھا۔ مسلسل آتشزدگی کے ان واقعات نے کولکتہ اور مغربی بنگال میں ہوٹلوں سمیت مختلف عمارتوں کے فائر سیفٹی انتظامات اور حفاظتی معیارات پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔