کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی زہریلا کیڑا: کڈیم سری ہری

   

کڈیم سری ہری بوکھلاہٹ کا شکار: کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی، اسمبلی میں تلخ مباحث

حیدرآباد۔ 14 فروری (سیاست نیوز) اسمبلی میں بجٹ پر مباحث کے دوران کانگریس کے رکن کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی اور بی آر ایس کے رکن کڈیم سری ہری کے درمیان زبردست نوک جھونک ہوئی۔ دونوں نے ایک خلاف سخت ریمارکس کئے۔ کڈیم سری ہری نے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو زہریلا کیڑا قرار دیا۔ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کانگریس میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کا کڈیم سری ہری پر الزام عائد کیا۔ آج حکمران کانگریس اور اپوزیشن بی آر ایس کے درمیان بجٹ مباحث کے دوران سخت الفاظ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے ان پر کبھی وزیر نہ بننے کے کڈیم سری ہری کے ریمارکس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے وزیر بننے یا نہ بننے کا فیصلہ کانگریس ہائی کمان یا چیف منسٹر ریونت ریڈی کریں گے لیکن سوئیپنگ ریمارکس کرنے کا کڈیم سری ہری کو کوئی اختیار نہیں ہے۔ تلنگانہ تحریک سے متاثر ہوکر کانگریس کے رکن اسمبلی ڈاکٹر راجیا نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہیں ہٹا کر خود کڈیم سری ہری ڈپٹی چیف منسٹر بن گئے۔ وہ بی آر ایس کے رکن اسمبلی تھے۔ انہیں ٹکٹ سے محروم کرکے کڈیم سری ہری خود ایم ایل اے بن گئے، ان ریمارکس پر بی آر ایس کے ارکان نے سخت احتجاج کیا۔ کانگریس کے رکن اسمبلی نے کہا کہ ہریش راؤ اور کڈیم سری ہری انہیں مشتعل کرتے ہوئے کانگریس میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اقتدار سے محروم ہونے کے بعد بی آر ایس کے قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔ بی آر ایس کے دور اقتدار میں کمیشن لے کر آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر لوٹ کھسوٹ کی گئی۔ کڈیم سری ہری نے چیف منسٹر کے غیر پارلیمانی ریمارکس پر بھی سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ریمارکس چیف منسٹر کو زیب نہیں دیتے۔ 2