اسمبلی حلقہ منگوڑ مخلوعہ ہونے کا گزٹ نوٹیفکشن جاری ‘ نومبر میں ضمنی انتخاب متوقع
حیدرآباد ۔ 8اگست ( سیاست نیوز) کانگریس سے مستعفی ہونے والے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے آج اسمبلی پہنچ کر اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے مکتوب استعفیٰ پیش کردیا اور اسپیکر نے فوری اثر کے ساتھ استعفیٰ منظور کرلیا جس کے بعد اسمبلی حلقہ منگوڑ ضلع نلگنڈہ میں ایک اور ضمنی انتخاب یقینی ہوگیاہے ۔ سکریٹری مقننہ نرسمہا چاریلو نے ایک گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی منگوڑ مخلوعہ ہونے کی اطلاع دی ہے ۔ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی آج اپنے حامیوں کیس اتھ یادگار شہیداں پہنچ کر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا ‘ بعد ازاں اسمبلی پہنچ کر اسپیکر کے چیمبر میں پوچارام سرینواس ریڈی سے ملاقات کی اور اسپیکر فارمیٹ میںاپنا استعفیٰ پیش کردیا ۔اسپیکر نے انہیں اپنے فیصلہ پر دوبارہ غور کرنے کا مشورہ دیا ۔ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے اسپیکر کو بتایا کہ وہ اپنے فیصلہ پر اٹل ہے ۔ اسپیکر نے استعفیٰ منظور کرلینے کا انہیں یقین دلایا ۔واضح رہے کہ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرچکے تھے ۔ جب علحدہ تلنگانہ ریاست کا پارلیمنٹ میں بل پیش کیا گیا تھا وہ رکن پارلیمنٹ تھے ۔ اس کے بعد منعقدہ انتخابات میں انہیں شکست ہوئی ۔ وہ نلگنڈہ مقامی اداروں کے انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر کونسل کیلئے کامیاب ہوئے تھے ۔ 2018 میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں وہ اسمبلی حلقہ منگوڑ سے کانگریس ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے اور پچھلے دو سال سے وہ کانگریس کی سرگرمیوں سے دور تھے ۔ یہاں تک کہ ورنگل میں منعقدہ راہول گاندھی کے جلسہ عام میں بھی انہوں نے شرکت نہیں کی تھی ۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ جاریہ سال نومبر میں ہماچل پردیش اور ڈسمبر میں گجرات کے انتخابات کے ساتھ منگوڑ اسمبلی حلقہ کا ضمنی انتخاب منعقد ہوسکتا ہے ۔ ن