کونسل انتخابات، تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز

   

نوجوان اور گریجویٹس حکومت سے ناراض، کونڈا وشویشور ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی نے کہا کہ کونسل انتخابات میں ٹی آر ایس کی شکست یقینی ہے۔ ریاست کے تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوان حکومت سے سخت نالاں ہیں کیونکہ گزشتہ 6 برسوں میں روزگار کی فراہمی سے متعلق وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی ۔ صدر ضلع کانگریس رام موہن ریڈی اور انجن کمار یادو کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کونڈا وشویشور ریڈی نے کہا کہ گریجویٹ زمرہ کی دونوں نشستوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ ٹی آر ایس کی جانب سے پولیس اور پیسہ کا استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن کانگریس پارٹی کو عوام پر بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکست کے خوف سے حکومت انتخابات کو ملتوی کرنے کی سازش کر رہی ہے ۔ انتخابات میں بھلے ہی تاخیر کی جائے لیکن کامیابی تو کانگریس امیدواروں کی ہوگی۔ گریجویٹ نشستوں کیلئے پارٹی حکمت عملی طئے کرنے حیدرآباد و رنگا ریڈی قائدین کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ کونسل کے انتخابات ٹی آر ایس کے لئے زوال کا آغاز ثابت ہوں گے۔ ٹی آر ایس قائدین کس صورت سے ووٹ کیلئے گریجویٹ نوجوانوں سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ روزگار کی فراہمی کے علاوہ بیروزگاروں کو ماہانہ الاؤنس کے وعدہ پر عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور اضلاع میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ شدید بارش کے بعد حیدرآباد میں ایک کمسن لڑکی اور ایک نوجوان کھلے نالوں میں بہہ گئے جبکہ حکومت حیدرآبادکو ڈیلاس شہر کی طرح ترقی دینے کا دعویٰ کر رہی ہے۔