کانگریس امیداور چنا ریڈی کا دعویٰ ، انتخابی مہم میں شرکت
حیدرآباد: کونسل انتخابات میں حیدرآباد نشست کیلئے کانگریس امیدوار ڈاکٹر چنا ریڈی نے دعویٰ کیا کہ انتخابات میں ٹی آر ایس مقابلہ میں نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گریجویٹ ووٹرس نے کانگریس کو ووٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے کیونکہ بی جے پی اور ٹی آر ایس نے سرکاری ملازمین اور نوجوانوں کو دھوکہ دیا ۔ حیدرآباد ،رنگا ریڈی اور محبوب نگر حلقہ کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں شیر لنگم پلی میں کانگریس کا جلسہ منعقد ہوا۔ امیدوار جی چنا ریڈی کے علاوہ سابق ایم پی کونڈا وشویشور ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر اور دیگر نے شرکت کی ۔ چنا ریڈی نے کہا کہ 14 مارچ کو انتخابات میں انہیں بھاری اکثریت سے منتخب کیا گیا تو وہ نوجوانوں بالخصوص بیروزگار نوجو انوں کیلئے کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 برسوں سے مرکز و ریاستی حکومتوں نے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ چنا ریڈی نے کہا کہ 93 امیدوار میدان میں ہیں لیکن کانگریس کو سبقت حاصل ہے۔ اسی دوران ٹی آر ایس اور بی جے پی نے بھی مہم تیز کردی ہے۔ بی جے پی امیدوار رام چندر راؤ قومی قائدین کے ہمراہ دورہ کرکے ووٹرس سے ملاقات کر رہے ہیں۔ آزاد امیدوار پروفیسر ناگیشور راؤ بھی سرکاری ملازمین اور طلبہ کی گروپ میٹنگس کا اہتمام کر رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس نے کئی وزراء کو مہم میں جھونک دیا ۔ رائے دہی 14 مارچ کو ہے اور گریجویٹ ووٹرس کیلئے اس بار کسی امیدوار کی تائید کا فیصلہ آسان نہیں رہے گا۔