کووڈ کے دونوں ٹیکے لگوانے والوں کی بھی کورونا سے موت!

   

نئی دہلی :ہندوستان میں کورونا کا قہر تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ مہاراشٹرا اور دہلی میں یہ اثر کچھ زیادہ ہی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دہلی محکمہ صحت کے مطابق قومی راجدھانی میں 5 سے 9 جنوری کے درمیان درج کی گئیں مجموعی 46 اموات میں سے 11 لوگوں کو کووڈ-19 کے خلاف ٹیکے کی دونوں خوراک دی گئی تھں۔ ایسے میں کورونا کے ٹیکے کو لے کر سوال اٹھنے لگے ہیں کہ کیا یہ کورونا وائرس پر اتنے کارگر نہیں ہیں جتنا ہونا چاہیے؟ حالانکہ ان میں سے بیشتر مرنے والے پہلے سے ہی کسی بڑی بیماری کے شکار تھے۔واضح رہے کہ دہلی میں اب تک اس مہینے میں مجموعی طور پر 70 کووڈ مریضوں کی موت ہو گئی ہے۔ دہلی میں لگاتار دو دن ہفتہ اور اتوار کو 17 اموات درج ہوئی ہیں۔ 5 دنوں میں ہوئیں مجموعی 46 اموات میں سے 34 کینسر اور دل یا گردے کے مرض میں مبتلا تھے۔ میڈیاکے مطابق اسپتالوں میں داخل ہونے کے بعد کامریڈیڈٹی والے 21 افراد کووڈ سے متاثر ہو گئے۔ مجموعی اموات میں سے 32 مریضوں کو اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔گزشتہ پانچ دنوں میں مرنے والوں میں نصف سے زیادہ 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگ تھے۔ ان میں سے 25 لوگ 60 سے زیادہ عمر کے تھے، جب کہ 14 مریض 41 سے 60 سال عمرکے تھے۔ 21 سے 40 سال کے 5، جب کہ 16 سے 20 سال کا 1 اور صفر سے 15 سال میں 1 کی موت ہوئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق مجموعی اموات میں سے 12 نے اسپتال میں داخل ہونے کے ایک ہی دن میں دَم توڑ دیا تھا۔ اسپتال میں داخل ہونے کے ایک دن کے اندر 11 مریضوں کی موت ہوئی۔ داخل ہونے کے دو دن بعد 6 کی موت ہوئی، تین سے سات دنوں کے اندر 14 لوگوں کی موت ہو گئی اور تین کی موت اسپتال میں داخل ہونے کے 7 دنوں بعد ہوئی۔