کوٹھی سے ایک تاجر کا اغواء ،5 نامعلوم افراد کی تلاش جاری

   

حیدرآباد ۔/2 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقے کوٹھی میں آج رات اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب نامعلوم اغواء کنندوں نے ایک تاجر کا اغواء کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ راجی ریڈی آج رات علاقہ کوٹھی سے گزررہا تھا کہ 5 نامعلوم افراد کار میں پہونچے اور اس کا اغواء کرلیا ۔ تاجر کے دوست نریندر نے فوری ڈائیل 100 پولیس کنٹرول روم کو فون پر اغواء کے واقعہ کی اطلاع دی ۔ جس پر سلطان بازار پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ گئی اور تفصیلات حاصل کئے ۔ انسپکٹر سلطان بازار سبی رامی ریڈی کے بموجب راجی ریڈی کو کنٹراکٹ کی رقم کی ادائیگی کے معاملے میں اغواء کئے جانے کی اطلاع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اغواء کنندوں کی کار اور ان کی شناخت کی کوشش جاری ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور اغواء کنندوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔