کوٹھی وومنس کالج ‘ یونیورسٹی میں تبدیل کیا جائیگا

   

عہدیدار رپورٹ تیار کریں۔ وزیر تعلیم سبیتا ریڈی کا اجلاس
حیدرآباد 18 جنوری ( سیاست نیوز ) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ شہر میں کوٹھی وومنس کالج کو وومنس یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ یہ فیصلہ وومنس کالج کے 100 سال کی تکمیل پر کیا گیا ہے ۔ وزیر تعلیم نے آج محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ وومنس کالج کو اپ گریڈ کرنے کے مسئلہ پر جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت کا یہ احساس ہے کہ یہ کالج جو فی الحال عثمانیہ یونیورسٹی اور یو جی سی سے الحاق رکھتا ہے اور اسے این اے اے سی نے بھی تسلیم کیا ہے تو اسے وومنس یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کی تمام اہلیت موجود ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ اس کالج کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق یونیورسٹی میں تبدیل کرنے سے متعلق کاموں میں تیزی پیدا کریں۔ تلنگانہ کونسل برائے اعلی تعلیم کے صدر نشین پروفیسر لمبادری ‘ نائب صدر نشین وینکٹ رمنا ‘ کمشنر بورڈ آف ٹکنیکل ایجوکیشن نوین متل ‘ انٹرمیڈیٹ بورڈ سکریٹری عمر جلیل ‘ عثمانیہ یونیورسٹی رجسٹرار لکشمی نارائنا ‘ کوٹی وومنس کالج پرنسپل ویجولتا نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ فی الحال اس کالج میں 4,159 طالبات تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور جب اس کالج کو یونیورسٹی کا موقف دیدیا جائیگا تو اس تعداد میں مزید اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے عہدیداروں سے مزید کہا کہ وہ اس تجویز پر ایک رپورٹ تیار کریں اور جلد حکومت کو پیش کریں۔