نئی دہلی: اراکین پارلیمنٹ نے پیر کو لوک سبھا میں دہلی کے راجندر نگر میں واقع کوچنگ سنٹر حادثے کا معاملہ اٹھایا اور اس معاملے کی تفصیلی جانچ اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی کی بانسوری سوراج نے وقفہ صفر شروع ہوتے ہی کوچنگ سنٹر میں ایک حادثے میں دو طالبات اور ایک لڑکے کی موت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ دہلی کے راجندر نگر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس میں تین بچے جان کی بازی ہار گئے۔ یہ بچے اپنا مستقبل روشن کرنے آئے تھے لیکن دہلی حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے ان کی جان چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں ایک دہائی سے عام آدمی پارٹی کی حکومت ہے لیکن حکومت دہلی کے لوگوں کیلئے کوئی کام نہیں کر رہی ہے ۔ دہلی میونسپل کارپوریشن ( ایم سی ڈی ) میں بھی پچھلے دو برسوں سے عام آدمی پارٹی کی حکومت ہے ۔ انہوں نے حکومت سے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔کانگریس کے رکن ششی تھرور نے کہا کہ جس طرح کا واقعہ ہوا ہے وہ بہت سنگین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ضابطے کی سنگین خلاف ورزی ہوئی ہے ۔