کوکہ کی ٹٹی حسینی علم واقعات ‘ 4 مقدمات درج

   

اشرار کا ایک اور شخص پر حملہ و زد و کوب ۔ ڈی سی پی کا پولیس اسٹیشن کا دورہ
حیدرآباد ۔ 24 جنوری (سیاست نیوز) کوکہ کی ٹٹی حسینی علم میں کل رات مسلمانوں کے مکانات پر حملے اور توڑ پھوڑ کے سلسلے میں پولیس نے 4 مقدمات درج کئے ہیں۔ پولیس حسینی علم نے سید قادر پاشاہ ، میر منور علی ، آصف علی کی شکایت پر مقدمات درج کئے جبکہ دو اشرار سی دیوا اور اس کے ساتھی کی شکایت پر بھی مقدمہ درج کئے جانے کی اطلاع ہے۔ پولیس علاقہ میں ہنوز چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے اور بھاری فورس کو تعینات کیا گیا ہے، حالانکہ کل رات حالات قابو میں آگئے تھے لیکن آج بعض اشرار نے پھر ایک مسلم شخص کو نشانہ بنایا۔ بتایا جاتا ہے کہ فرسٹ لانسرز کے ساکن محمد عبدالجہانگیر کو اشرار نے آج شام اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنی بہن کے ہمراہ پاڑدی واڑہ سے گذر رہے تھے۔ جہانگیر نے پولیس میں شکایت درج کروائی اور کہا کہ وہ یہاں سے گذر رہے تھے کہ اشرار نے زدوکوب کیا۔ اسی طرح شر پسندوں نے مسجد نور کے موذن محمد مجیب قریشی کو بھی نشانہ بنایا اور زدوکوب کیا جس کے نتیجہ میں ان کی آنکھ پر زخم آیا۔ پولیس نے دونوں افراد کی شکایات درج کرلی ہیں جس کی تحقیقات جارہی ہیں۔ کل رات کے واقعات کے بعد ڈی سی پی ساؤتھ زون عنبر کشور جھا نے حسینی علم پولیس اسٹیشن پہنچ کر ماتحت عملہ کا جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں ان واقعات میں ملوث خاطیوں کی نشاندہی اور گرفتاری پر زور دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پالکی گارڈن فنکشن ہال سے ضبط سی سی کیمروں کی ریکارڈنگ کے ذریعہ پولیس کو شواہد حاصل ہوئے ہیں جس کے بعد کئی خاطیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان کی گرفتاری عمل میں لائی جائیگی۔ کل جمعہ کے موقع پر بھی پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور ریاپڈ ایکشن فورس کو متعین کیا جارہا ہے۔